ایشیا کپ کا آغاز،سری لنکا اور بنگلادیش آج ٹکرائیں گے
انتظار کي گھڑياں ختم ہوگئیں۔ 34 سال پرانے ايشيا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز آج 15 ستمبر سے متحدہ عرب امارات ميں ہو رہا ہے۔ افتتاحي روز سري لنکا اور بنگلہ ديش کي ٹيميں ٹکرائيں گي۔ پاک بھارت معرکہ انيس ستمبر کو شيڈول ہے۔
ایشیا میں کرکٹ کی حکمرانی کیلئے معرکے کا آغاز آج سے ہو رہا ہے، چیمپئن بننے کی دوڑ میں چھ ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔ پہلے روز سري لنکا اور بنگلہ ديش، میں جوڑ پڑے گا۔ بعد ازاں بھارت، پاکستان، ہانگ کانگ اور افغانستان کی ٹیمیں بھی ایکشن میں نظر آئیں گی۔
ایونٹ 15 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔ ایشیا کپ کو گروپ ’اے‘ اور ’بی‘ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایونٹ کے گروپ اے میں دفاعی چیمپئن بھارت، پاکستان اور ایک کوالیفائر ٹیم (ہانگ کانگ ) شامل ہے، جب کہ گروپ بی سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان پر مشتمل ہے۔ یو اے ای کے صحرا میں ٹیموں کی جانب سے رنز کا سيلاب بہنے کا انتظار ہے، جہاں وکٹیں بھی گریں گی اور چھکے چوکوں کي برسات بھی ہوگی۔

ایشیا کپ کا سب سے اہم میچ 19 ستمبر کو ہوگا، جب روایتی حریف پاکستان اور بھارت ایک دوسرے سے ٹکرائیں گے۔ تاہم ٹیم کا پہلا میچ 16 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف ہوگا۔