قومی کھیل کی زبوں حالی، سابق ہاکی اولمپئنز کا وزیراعظم سے نوٹس لینے کا مطالبہ
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : سابق ہاکی اولمپئنز نے قومی کھیل کی تباہ حالی پر پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا، سابق کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا، وزیراعظم فوری نوٹس لیں۔
ہاکی کے میدان میں پاکستان کا جھنڈا سربلند کرنے والے سابق اولمپئنز قومی کھیل کی زبوں حالی پر سڑکوں پر آگئے، سابق اسٹارز سمیع اللہ اور شہناز شیخ کی سربراہی میں سابق اولمپئنز نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاج کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ سیاست کے باعث قومی کھیل کو تباہ کیا جارہا ہے، وزیراعظم فوری نوٹس لیں۔
سابق اولمپئنز کا کہنا تھا کہ سینے پر مسلسل گولڈ میڈل سجانے والی ٹیم کئی سال سے سلور میڈل بھی حاصل نہ کرسکی، ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل کا جنازہ نکال دیا ہے۔ سماء