بلوچستان کے 24 مزید اضلاع میں زچہ وبچہ کے غذائی منصوبے کی توسیع کا کام مکمل
بلوچستان میں صوبائی محکمہ صحت نے صوبے کے 24 مزید اضلاع میں زچہ وبچہ کے غذائی منصوبے کی توسیع کا کام مکمل کرلیا ہے۔ بلوچستان کے سیکرٹری صحت محمد نصر نے کہا ہے کہ نئے اضلاع تک منصوبے کی توسیع صوبائی کا بینہ کی منظوری کی منتظر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سے پہلے منصوبے کو صوبے کے 7 اضلاع میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی ہے جہاں اس کے پہلے مرحلے کا آغاز کیا گیا تھا۔ سیکرٹری صحت نے کہا کہ اس منصوبے سے ڈیرہ بگٹی ، کوہلو، پنجگور، قلعہ سیف اللہ، لسبیلہ، نوشکی اور خاران میں شرح اموات کو کم کرنے میں مدد ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت محکمہ صحت کی طرف سے کئے گئے محتاط اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ 10 برس کے دوران پانچ سال سے کم عمر بچوں میں غذائی کمی کی شرح کم ہو کر 23 فیصد رہ گئی ہے،انھوں نے کہا کہ خون کی کمی کا شکار افراد کی شرح میں 10 فیصد کمی کا ہدف بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔