حکومت نے وزیراعظم ہاؤس اورگورنرہاؤسزکےمستقبل کا فیصلہ کرلیا

حکومت نے وزيراعظم ہاؤس اورگورنرز کی سرکاری عمارتوں سے متعلق فیصلہ کرتےہوئے اعلان کیاہےکہ وزیراعظم اورگورنرزسرکاری عمارتوں میں نہيں رہيں گے۔
وفاقي وزيرتعليم شفقت محمود نے میڈیا کو بريفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ وزيراعظم ہاؤس کو اعليٰ درجے کا تعليمي ادارہ بناياجائے گا۔انھوں نے بتایاکہ وزيراعظم ہاؤس کا سالانہ خرچہ 47 کروڑ روپے ہے۔اس کے علاوہ پي ايم ہاؤس کے پيچھے واقع زمين پر مزيد تعميرات بھي ہونگي۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ گورنر ہاؤس پنجاب کو ميوزيم اور آرٹ گيلری بنايا جائيگا۔لاہور کا اسٹيٹ گيسٹ ہاؤس فائيو اسٹار ہوٹل بنايا جائيگا۔ شفقت محمود کاکہناتھاکہ کراچي کا گورنر ہاؤس ميوزيم ميں تبديل کيا جائيگااورگورنر ہاؤس کا پارک لينڈ شہری استعمال ميں لايا جائيگا۔ انھوں نے مزید کہاکہ کراچي کے قصر ناز گيسٹ ہاؤس کو ہوٹل ميں تبديل کيا جائيگا۔
بلوچستان سے متعلق ان کاکہناتھاکہ گورنر ہاؤس بلوچستان کوبلوچ ہسٹری ميوزيم ميں تبديل کياجائيگا۔گورنر ہاؤس کا پارک لينڈ خواتين کا پارک بنايا جائيگا۔
خیبرپختون خواسے متعلق انھوں نے بتایاکہ پشاور کا گورنرہاؤس قبائلي علاقوں کا ہسٹري ميوزيم بنے گا۔ نتھيا گلي کا گورنر ہاؤس ريسٹورنٹ یاہوٹل بنےگا۔خيبرپختونخوا حکومت اس کے تمام انتظامات ديکھے گی۔