کرکٹ میں کبھی سیاست کو نہیں گھسیٹا، چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف
اسٹاف رپورٹ
لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمين ذکاء اشرف کا کہنا ہے کہ انہوں نے کرکٹ میں کبھی سیاست کو نہیں گھسیٹا، بحالی کے فیصلے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے شکر گزار ہیں۔
لاہور ميں اپنی رہائش گاہ کے باہر ميڈيا سے بات کرتے ہوئے ذکاء اشرف نے گلہ کیا کہ سابق عبوری چیئرمين نے انہیں بحالی پر مبارکباد تک نہیں دی، کہتے ہیں بورڈ کی صورتحال کو ٹھیک کرنا ان کی پہلی ترجیح ہے اور سب کو ساتھ لیکر چلنے کی کوشش کرینگے۔
ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ وہ ٹورنامنٹس میں تمام سیاسی قائدین کو شرکت کی دعوت دیتے رہے ہیں، اب بھی خواہش ہے کہ حکومت کے ساتھ مل کر چلیں۔
پی سی بی چیئرمين کا کہنا تھا کہ آج دفتری اوقات ختم ہوگئے ہیں، کل قذافی اسٹیڈیم جاکر باقاعدہ اپنا دفتر سنبھالیں گے اور ورلڈ ٹی 20 کیلئے ٹیموں کے اعلان سمیت تمام معاملات نمٹائے جائیں گے۔ سماء