حوالات کی ہوا کھانے والے عمر اکمل عدالت میں پیش
اسٹاف رپورٹ
لاہور : کرکٹر عمر اکمل وارڈن پر تشدد کیس میں مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہوگئے،بھائی کامران اکمل کہتے ہیں بے گناہ ہیں قانون کی خلاف ورزی نہیں کی، امید ہے انصاف ملے گا۔
میدان میں بولرز کی پٹائی، اچھی بات ہے مگر سڑک پر لڑائی گندی بات۔ لاہور میں کرکٹر عمراکمل کو یہی گندی بات مہنگی پڑگئی، وارڈن سے لڑائی پر حوالات کی ہوا کھانا پڑی۔ شخصی ضمانت پر رہائی ملی، تو وکیل کے ساتھ فریاد لئے مجسٹریٹ کے پاس پہنچ گئے۔
کیس کی سماعت کے دوران وکیل نے مؤقف پیش کیا کہ عمر اکمل صلح کیلئے تھانے گئے تو مقدمہ درج کرلیا گیا۔ انہیں شام پانچ بجے تک بھی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ رات آٹھ بجے تک تھانے میں تھے لیکن کسی نے مؤقف تک نہیں سنا۔ سی سی ٹی وی اور میڈیا کی فوٹیج سے ساری کہانی سامنے آجائے گی،
وکیل صفائی کے ریمارکس پر جسٹس شوکت جاوید نے استفسار کیا کہ عدالت کے لیے کوئی ہیرو نہیں ، سب برابر ہیں، عمراکمل بغیر درخواست پیش ہوئے۔ پولیس نے بھی مقدمے کا ریکارڈ پیش نہیں کیا۔ سماء