بلوچستان میں جنگلات اور جنگلی حیات کا تحفط میرا مشن ہے،صوبائی وزیر جنگلات ضیا لانگو
صوبائی وزیر جنگلات ضیا لانگو کا سما ڈیجٹیل سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلوچستان میں کسی کو بھی غیر قانونی شکار کی اجازت نہیں دیں گے۔
صوبائی وزیر جنگلات کا مزید کہنا تھا کہ چارج سنبھالے ایک ہفتہ ہی ہوا ہے مگرپہلے ہی دن محکمے کے تمام افسران کو بتا دیا تھا کہ بلوچستان میں جنگلات اور جنگلی حیات کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان ایک وسیع رقبے پر پھیلا صوبہ ہے جہاں اب تک زندگی کی بہت ساری سہولیات میسر نہیں اس صوبے میں ایسے خطے بھی ہیں جہاں سردیوں میں پارہ نقطہ انجماد سے گر جاتا ہے اور وہاں زندہ رہنے کے لیے مجبورا درخت کاٹے جاتے ہیں جس کا مکمل ادراک ہے۔
انھوں نے سما ڈیجیٹل کو مزید بتایا کہ کچھ علاقوں سے پولیس اور محکمہ جنگلات کی کالی بھیڑوں کی سربراہی میں جنگلات کی کٹائی اور اسمگلنگ کی اطلاعات ہیں جن پر جلد ایکشن لیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضیا لانگو کا مزید کہنا تھا کہ سائبریا سے آئے پرندے جھنڈ در جھنڈ آتے ہیں،اس کے علاوہ کچھ جگہ نایاب جنگلی حیات کے شکار کے لیے قانونی پرمٹس کا اجرا بھی کیا جاتا ہے،بیرون ممالک سے آئے عرب شیوخ کو شکار کی اجازت دینا نہ دینا فارن پالیسی سے مشروط ہے۔
انھوں نے ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ جنگلات بلوچستان میں ایک ہفتے میں ہی واضع تبدیلی نظر آجائے گی