بلوچستان کی صوبائی کابینہ میں توسیع،2مزید وزرا نے حلف اٹھالیا
بلوچستان کابینہ میں نئے وزرا کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ہوئی جہاں قائم مقام گورنر بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے ان سے حلف لیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ جام کمال بھی موجود تھے۔
بلوچستان کابینہ میں شامل میر اسد بلوچ کا تعلق بی این پی عوامی جب کہ سردارعبدالرحمان کھیتران کا تعلق بی اے پی سے ہے۔دونوں وزرا کے حلف اٹھانے کے بعد بلوچستان کابینہ میں وزرا کی تعداد 12 ہوگئی ہے جب کہ چار مشیروں کے ساتھ یہ تعداد اب 16 تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کابینہ کے دو وزرا کے محکمے تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔ دونوں وزرا نے گزشتہ دنوں دی گئی وزارتوں پر خفگی کا اظہار کیا تھا جس کے بعد آج وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر ان کی وزارتیں تبدیل کردی گئی ہیں۔
حکومت بلوچستان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سردار سرفراز ڈومکی کو سیاحت و ثقافت کی وزارت سے تبدیل کر کے لیبراورافرادی قوت کی وزارت دی گئی ہے جب کہ سردار صالح محمد بھوتانی کی وزارت قانون،خوراک اور پارلیمانی امور سے تبدیل کر کے بلدیات و دیہی ترقی کر دی گئی ہے۔