این اے 243 ضمنی انتخاب، ایم کیو ایم پاکستان تاحال امیدوار کا فیصلہ نہ کرسکی

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان میں اختلافات پھر سامنے آنے لگے ہیں۔ قومی اسمبلی کی نشست این اے 243 کے ضمنی انتخاب کیلئے تاحال کوئی حتمی نام سامنے نہیں آسکا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء فیصل سبزواری کہتے ہیں کہ پارٹی نے کاغذات جمع کروانے کا کہا تھا، اس لئے جمع کروادیئے لیکن این اے 243 کا ضمنی انتخاب لڑونگا یا نہیں اس کا فیصلہ نہیں کیا۔
کراچی کے حلقہ این اے 243 سے عمران خان ایم کیو ایم کے علی رضا عابدی کے مقابلے میں کامیاب قرار پائے تھے تاہم پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ نشست چھوڑ دی تھی، وہ ملک کے 5 حلقوں سے قومی اسمبلی کی نشستیں جیتے تھے۔
عام انتخابات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء جہانگیر ترین نے فیصل سبزواری کو مشیر بنانے کا عندیہ دیا تھا لیکن وہ وفاقی کابینہ کا حصہ نہ بن سکے جبکہ خالد مقبول صدیقی وفاقی وزیر بن گئے۔