مکمل اختیارات کے ساتھ آیا ہوں، چیئرمین پی سی بی ایڈہاک کمیٹی نجم سیٹھی
اسٹاف رپورٹ
لاہور : پی سی بی ایڈ ہاک کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کے تقرر کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مکمل اختیارات کے ساتھ آیا ہوں، ہمارا کام آئین بنانا ہے باقی فیصلے پیٹرن کریں گے، ذکاء اشرف کے فیصلوں پر نظرثانی اور بگ تھری سے متعلق پاکستانی مؤقف کا جائزہ لیا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق نجم سیٹھی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بن گئے، ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، اس سے قبل ایڈہاک کمیٹی نے متفقہ طور پر نجم سیٹھی کو اعتماد کا ووٹ دیا، ایڈہاک مینجمنٹ کمیٹی کی پہلی میٹنگ کل ہوگی۔
لاہور میں اپنے تقرر کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ اراکین نے مجھے مینجمنٹ کمیٹی کا چیئرمین منتخب کیا، 8 رکنی کمیٹی آئین کے تحت بنائی گئی ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ ہمیں نیا آئین بنانے کیلئے ٹاسک دیا گیا ہے، اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد پی سی بی کا آئین بنائیں گے، آج تک بورڈ میں نومینیشنز ہوئی ہیں، آئی سی سی نے نہیں کہا کہ میں نے کوئی غلط بات کی۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ تفضل رضوی 12 سال سے کرکٹ بورڈ کے وکیل ہیں، وہ کبھی کوئی کیس نہیں ہارے، انہوں نے کسی کی سائیڈ نہیں لی، ہمیشہ بورڈ کا ساتھ دیا، پاکستان نے بگ تھری معاملے کو درست طریقے سے نہیں لیا۔
پی سی بی ایڈہاک کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ذکاء اشرف کے تمام فیصلوں پر کل نظرثانی اور بگ تھری معاملے پر پاکستانی مؤقف کا جائزہ لیا جائے گا، پہلے نہیں لیکن اب مکمل اختیارات کے ساتھ آیا ہوں، لوگوں کی تعیناتی لمبی مدت کیلئے کی جائے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ سابقہ آئین ایک شخص کیلئے تھا، نیا آئین سب کیلئے ہوگا، پی سی بی میں نئے آئین کے تحت الیکشن ہوں گے، مجھے 4 ماہ کیلئے مینجمنٹ کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا۔ سماء