جی ایچ کیو میں یوم دفاع و شہداء کی مرکزی تقریب

پاک فوج کے ہیڈکوارٹر ( جی ایچ کیو) میں یوم دفاع و شہداء کی مرکزی تقریب ہوئی، جس میں وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت وفاقی وزراء، عسکری حکام، شہداء کے لواحقین اور اہم ترین شخصیات نے شرکت کی۔
یوم دفاع و شہداء کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں ہوئی ۔ وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، پاک فضائیہ اور نیول چیفس، وفاقی وزراء، اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں، شہداء کے لواحقین، شوبز اور اسپورٹس سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد بھی تقریب میں شریک ہوئی۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد شرکاء کو پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں پر بنائی گئی مختصر دستاویزی فلم دکھائی گئی۔مختصر فلم کے بعد گلوکار ساحر علی بگا نے اپنی آواز کا جادو جگایا، قومی نغمے اور ٹیبلوز بھی پیش کئے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ خارجہ پالیسی بھی قوم کے مفاد میں بنائیں گے، سول ملٹری تعلقات میں کوئی تناؤ نہیں، ہمارا مشترکہ مقصد ملک کو آگے لے جانا ہے، ہمارا جینا مرنا پاکستان کیلئے ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ملکی ترقی کے لئے جمہوریت بہت ضروری ہے، نامساعد معاشی حالات کے باوجود ایٹمی قوت بنے، پاکستانی عوام نے قربانیاں دے کر دہشتگردی مسلط کرنے کی کوشش ناکام بنادی، ہزاروں شہیدوں کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔