بلوچستان بھر میں یوم دفاع کے حوالے سے ریلیاں اور تقریبات
ملک بھر کی طرح بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی یوم دفاع کے حوالے سے ریلیاں نکالی گئیں، جب کہ اسکولوں میں شہداء کی یاد میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
بلوچستان کے مختلف شہروں کوئٹہ، گوادر، تربت، حب، ڈیرہ بگٹی، چمن، دکی، خضدار، لورالائی، ہرنائی، نصیر آباد میں یوم دفاع کے حوالے سے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا، مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی ریلیوں میں شریک شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج اور شہداء کے حق میں نعرے درج تھے۔
ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ6 ستمبر ایک تاریخی دن ہے اس دن پاکستانی قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی افواج کے شانہ بشانہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ملک کا دفاع کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 6 ستمبر کو پوری قوم پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ وہ ہر لمحہ پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
یوم دفاع کے حوالے سے مختلف اسکولوں میں استحکام پاکستان کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں علاقائی نمائندے اور عمائدین سمیت سینکڑوں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی، اس موقع پر اسکولوں کے بچوں اور بچیوں نے تقاریر، ٹیبلوز اور ملی نغمے پیش کرتے ہوئے ملک پر اپنی جان نچھاور کرنے والے شہداء کو سلام پیش کیا۔
بلوچستان کے مختلف شہروں میں پاک فوج کی جانب سے شہداء کی قبروں پر فاتحہ خوانی اور سلامی دینے کا سلسلہ بھی جاری رہا، اس موقع پر پاک افواج کے افسران کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے بہادر شہداء پر فخر ہے اور آج ہم جو آزاد فضاء میں سانس لے رہے ہیں یہ ہمارے شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
عسکری حکام کا مزید کہنا تھا کہ جب تک پاکستان کے پاس ایسے بہادر سپاہی موجود ہیں، پاک وطن کی طرف کوئی بھی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔