ترک کمپنی کی بلوچستان میں شمسی توانائی سے بجلی بنانے کے منصوبوں میں اظہارِدلچسپی
ترک سرمایہ کار کمپنی آئی بی ووگٹ نے بلوچستان میں سرمایہ کرنےکرنےمیں دلچپسی کااظہار کیاہے۔
ترک کمپنی کے ڈائریکٹر مراد کین نے وزیر اعلی جام کمال سے ملاقات کی۔ اس موقع پروزیراعلیٰ کاکہناتھاکہ بلوچستان سرمایہ کاری کے لیے بہترین جگہ ہے، بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کو سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے فعال ادارے کے طور پر آگے لایا جارہا ہے جو سرمایہ کاروں کو رہنمائی فراہم کرے گا، بیرونی سرمایہ کار بلوچستان میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں محفوظ اور منافع بخش سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہاکہ صوبے کے مختلف شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا جائے گا اور سرمایہ کاروں کو ضروری سہولیات اور ترغیبات دی جائیں گی۔
ملاقات کے دوران بلوچستان میں متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔کمپنی کے ڈائریکٹر نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ ان کی کمپنی گوادر، لسبیلہ اور کوئٹہ میں شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے، صوبائی حکومت نے کمپنی کو گوادر اور لسبیلہ میں شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کے لئے لیٹر آف انٹرسٹ جاری کردیا ہے، ان منصوبوں کی فزیبلیٹی رپورٹ کی تیاری اور دیگر ابتدائی کاروائی جاری ہے اور اراضی کے حصول کے بعد فوری طور پر کام کا آغاز کردیا جائے گا، یہ منصوبے 2020ء تک مکمل کئے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ جام کمال کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے سیکریٹری محکمہ توانائی سے بریفنگ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہوا اور سورج سمیت دیگر متبادل ذرائع سے بجلی کی پیداوار کے لئے موزوں خطہ ہے،جو ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت صوبے کے وسائل کے بہترین استعمال کو یقینی بنائے گی اور نجی شعبہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستا ن میں بجلی کی ترسیل کے نظام کی بہتری اور گوادر کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنے سے بجلی کے مسائل حل ہوسکیں گے۔ ملاقات میں زراعت اورنصب ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے علاوہ سول سیکریٹریٹ کی بجلی کی ضروریات شمسی توانائی کے ذریعہ پوری کرنے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ کمپنی ڈائریکٹر نے یقین دلایا کہ ان کی کمپنی ان منصوبوں کے لئے تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔