وانا میں اسلحہ کی نمائش، منشیات فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

جنوبی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر ضلعی ہیڈکوارٹر وانا میں اسلحہ کی نمائش، گاڑیوں کے کالے شیشے، جعلی نمبر پلیٹ اور منشیات فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تحصیلدار وانا کی جانب سے جاری ایک اعلامیہ میں عوام کو ہدایت کی ہے کہ گاڑیوں سے کالے شیشے اور جعلی نمبر پلیٹ فوری طور پر  ہٹا دئے جائیں۔

اعلامیہ میں منشیات فروش اور اسلحہ فروشوں کو بھی اپنا کاروبار بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ وانا سب ڈویژن میں اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی لگادی ہے۔تحصیلدار نے عوام سے اپیل کی ہے کہ امن وامان کے قیام میں انتظامیہ کی مدد کریں۔

سماء کے نمائندہ خان ضمیر کے مطابق آپریشن راہ نجات کے بعد پورے علاقے سے سماج دشمن عناصر کے صفایا کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں سے ہر قسم کا اسلحہ بھی ضبط کیا گیا تھا۔

آپریشن کی کامیابی اور متاثرین کی واپسی کے بعد علاقے میں ایک بار پھر ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا اور بے گناہ لوگ مارے جانے لگے جس کے باعث لوگوں میں خوف پھیل گیا اور اس کے اثرات کاروباری حلقوں پر بھی پڑے۔

wana

Tabool ads will show in this div