فیاض الحسن چوہان کی مولانا فضل الرحمان پر کڑی تنقید

وزير اطلاعات پنجاب فياض الحسن چوہان نے مولانا فضل الرحمان پر کڑی تنقید کردی، کہتے ہيں کہ فضل الرحمان کچھ بھی کرليں، ان کی دال نہيں گلنے والی۔
لاہور ميں ميڈيا سے گفتگو ميں صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کچھ بھی کرلیں ان کی دال نہیں گلنے والی، ذرا سوچيں اگر وہ صدر بن گئے تو پاکستان کا کيا اميج باقی رہ جائے گا۔
صحافی نے فضل الرحمان سے متعلق سوال کیا تو فیاض الحسن بولے کہ جے یو آئی سربراہ 35 سال سے کسی اور کے خرچے پر تھے، اليکشن ہارنے کے بعد سے جيب سے خرچہ کرنے پر مجبور ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کو اپوزیشن جماعتوں نے صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے تاہم پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے اعتزاز احسن بھی صدر بننے کی دوڑ میں شامل ہیں، منگل 4 ستمبر کو صدارتی الیکشن ہے تاہم اب تک اپوزیشن جماعتیں مشترکہ امیدوار پر متفق نہیں ہوسکیں۔
پاکستان تحریک انصاف کو صدارتی انتخاب میں بھی واضح برتری حاصل ہے، اس بات کا قوی امکان ہے کہ اپوزیشن جماعتیں متفق نہ ہوئیں تو عارف علوی باآسانی صدر منتخب ہوجائیں گے۔