ایرانی وزیر خارجہ کی وزیراعظم، آرمی چیف اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں

Aug 31, 2018

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کیں، جس میں دوطرفہ اور بین الاقوامی تعلقات، خطے کی صورتحال اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان سے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے ملاقات کے دوران انہیں ایرانی قیادت و عوام کی جانب سے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔

وزیراعظم نے ایرانی وزیر خارجہ کو توہین آمیز خاکوں کے مقابلے پر حکومتی مؤقف اور ہالینڈ میں گستاخاںہ خاکوں کا مقابلہ ختم کرانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ممالک کو یک زبان ہو کر اسلام فوبیا کا شکار ہونے والوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے، اسلام مخالف سرگرمیاں روکنے کیلئے مسلم ممالک کو متحد ہونا ہوگا کیوں کہ حضرت محمد ﷺ سے محبت و عقیدت ہر مسلمان کے خون میں رچی بسی ہے، پاکستان اور ایران مذہبی، ثقافتی اور تاریخی حوالوں سے جڑے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران عوام کی سطح پر رابطوں کو بڑھا کر خطے میں ترقی اور خوشحالی لاسکتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات مضبوط ہوں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال سمیت دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و سلامتی کیلئے پرخلوص اقدامات اٹھا رہا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے خطے میں تنازعات کی روک تھام میں پاکستانی کوششوں کو سراہا اور پاک فوج کے کردار کی تعریف کی۔

 

قبل ازیں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی۔

PM

IMRAN KHAN

javad zarif

FM

Tabool ads will show in this div