صدارتی انتخاب، امیدواروں کی حتمی فہرست جاری
صدارتی انتخاب کيلئے الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی، عارف علوی، اعتزاز احسن اور فضل الرحمان کے درمیان 4 ستمبر کو مقابلہ ہوگا، عارف علوی نے اپنی ترجيحات بتاديں، فضل الرحمان نے آصف زرداری سے اُميديں وابستہ کرليں۔
صدارتی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا آج آخری دن تھا، اليکشن کميشن نے حتمی فہرست جاری کردی، صدارت کی دوڑ میں صرف 3 پہلوان رہ گئے، کل تک کوئی بھی اميدوار دستبردار ہوسکتا ہے۔
حکومتی اتحاد کے اميدوار ڈاکٹر عارف علوی نے دعویٰ کيا ہے کہ کرپشن ختم کرنے کی تياری ہوگئی، ميڈيا سے گفتگو ميں اپنی ترجيحات بھی بتاديں۔
بولے کہ صدارتی ہاؤس میں نہیں رہوں گا، اخراجات کم کریں گے، بہت سارے کام کرنے ہیں، چین سے نہیں بیٹھنا۔
متحدہ مجلسِ عمل کے سربراہ فضل الرحمان نے آصف علی زرداری سے آس لگا لی، کہتے ہيں شاہکار فيصلے کا وقت نکلا جا رہا ہے، امید ہے آصف زرداری دوستی کے تقاضے پورے کریں گے، اعتزاز احسن ایک جماعت جبکہ میں اپوزیشن اتحاد کا امیدوار ہوں۔
اٹھارہويں آئينی ترميم کے بعد صدر کے يکطرفہ طور پر پارليمنٹ تحليل کرنے کے اختيارات ختم ہوچکے ہيں، صدارتی اليکشن کی تاريخ ميں پہلی بار اپوزيشن کی جانب سے 2 اميدوار انتخاب ميں حصہ لے رہے ہيں۔
صدر مملکت ممنون حسین کے عہدے کی مدت 9 ستمبر پوری ہورہی ہے جبکہ نئے صدر کا انتخاب 4 ستمبر کو ہوگا۔