اعتزاز احسن پر صرف مسلم لیگ ن کو اعتراض ہے، قمر زمان کائرہ
پیپلزپارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ہم نے اعتزاز احسن کا نام تجويز کيا تھا، نامزد نہيں، پوری کوشش تھی متفقہ اميدوار لايا جائے، اعتزاز احسن کے نام پر صرف ن لیگ کو اعتراض تھا۔ قمر زمان کائرہ کہتے ہيں آصف زرداری اور فريال تالپور منی لانڈرنگ کيس ميں ملزم نہيں، ايف آئی اے کے سامنے پيشی پر واضح کيا کہ سابق صدر اور ان کی بہن کو کوئی سوال نامہ نہيں ديا گيا، جب ملے گا تو جواب ديں گے۔
پيپلز پارٹی کے رہنماء قمر زمان کائرہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ایف آئی اے دفتر ميں آصف زرداری سے کوئی سوال نہيں ہوا، سوال نامہ ملا تو جواب ديا جائے گا، آصف زرداری اور فريال تالپور منی لانڈرنگ کيس ميں ملزم نہيں ہيں، ان کا 2008ء سے زرداری گروپ سے کوئی تعلق نہیں، صدر بننے سے پہلے وہ مستعفی ہوگئے تھے، ہم پر دباؤ کیلئے ماضی میں بھی ایسے طریقے استعمال کئے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح میڈیا میں معاملے کو پیش کیا گیا، ایسا کچھ نہیں تھا، چیف جسٹس اور پیمرا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس معاملے کا نوٹس لیا جائے، ادارے کا فرض ہے کہ اپنی ذمہ داری پوری کرے، پیپلز پارٹی نے اس معاملے پر پیمرا کو بھی خط لکھا ہے۔
قمر زمان کائرہ کہتے ہیں کہ صدارتی امیدوار کیلئے اعتزاز احسن کا نام تجویز کیا تھا، نامزد نہیں، جس پر متحدہ اپوزیشن نے کہا ہمارے پاس آنا چاہئے تھا، اعتزاز احسن کی ذات پر اعتراض تکنیکی بنیادوں پر تھا، تمام جماعتوں کے پاس گئے، پی پی پی کے مجوزہ امیدوار پر اعتراض صرف مسلم لیگ ن نے کیا تھا۔
نئے صدر کا انتخاب 4 ستمبر کو عمل میں آئے گا، پاکستان تحریک انصاف نے ڈاکٹر عارف علوی کو امیدوار نامزد کیا ہے تاہم متحدہ اپوزیشن تاحال متفقہ لانے میں کامیاب نہیں ہوسکی، پیپلزپارٹی کی جانب سے اعتزاز احسن جبکہ مسلم لیگ ن اور دیگر سیاسی جماعتوں کے امیدوار مولانا فضل الرحمان نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔