اپوزیشن جماعتیں ایک صدراتی امیدوار پر متفق ہوجائیں، فضل الرحمان
فضل الرحمان کا دعویٰ ہے کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت بناسکتی ہیں، ہمارے پاس نمبرز زیادہ ہیں، اپوزیشن کے 2 امیدوار ہونے سے ووٹ تقسیم ہوجائے گا، بہتر ہوگا اپوزیشن جماعتیں ایک صدارتی امیدوار پر متفق ہوں، وزیراعظم کے انتخاب میں پیپلزپارٹی کے ووٹ نہ دینے سے عمران خان جیت گئے، آصف زرداری سے جلد ملاقات کروں گا۔
جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ اور اپوزیشن جماعتوں کے صدارتی امیدوار مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کا اعتراض ایک فرد پر تھا، اعتزاز احسن میرے بڑے بھائی ہیں، ہمیشہ احترام کیا ہے، میرا 100 فیصد خیال ہے پیپلز پارٹی والے مان جائیں گے، آصف زرداری سے جلد دوبارہ ملاقات کروں گا۔
ان کا کہنا ہے کہ صدارتی الیکشن میں اپوزیشن کے 2 امیدوار ہونے سے ووٹ تقسیم ہوجائے گا، بہتر ہوگا کہ اپوزیشن جماعتیں ایک امیدوار پر متفق ہوں، پیپلز پارٹی نے مجھے کہا آپ پل کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔
جے یو آئی ف کے سربراہ نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی ایوان میں اکثریتی جماعت نہیں، اپوزیشن جماعتیں حکومت بناسکتی ہیں، ان کے نمبرز زیادہ ہیں، الیکشن میں بدترین دھاندلی ہوئی، نتائج تسلیم نہیں۔
فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ تجویز دی تھی وزیراعظم پیپلزپارٹی کا امیدوار ہو تاہم پی پی پی نے خود کہا وزیراعظم کا امیدوار ن لیگ سے ہو،
طے ہوا تھا کہ وزیراعظم ن لیگ، اسپیکر پیپلزپارٹی سے ہوگا، پیپلز پارٹی کے ووٹ نہ دینے سے عمران خان وزیراعظم بنے۔
متحدہ اپوزیشن ایک بار پھر غیر متحد ہوگئی، پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن صدارتی امیدوار کیلئے متفقہ امیدوار لانے میں ناکام ہوگئے، ایک جانب پی پی پی نے اعتزاز احسن کو امیدوار نامزد کیا ہے تو دوسری جانب دیگر اپوزیشن جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کو پی ٹی آئی کے نامزد صدر عارف علوی کا مقابلہ کرنے کیلئے کھڑا کردیا۔