ایشین گیمز، ہاکی ٹیم نے فتوحات کی ہیٹرک کرلی
ايشين گيمز ميں قومي ہاکي ٹيم نے قازقستان کو صفر کے مقابلے ميں سولہ گولز سے ہرا کر فتوحات کي ہيٹ ٹرک کرلي۔
ايشين گيمز ميں قومي ہاکي ٹيم کي شاندار کارکردگي کا سلسلہ جاري ہے۔ ايونٹ کے تيسرے ميچ ميں پاکستانی ہاکی ٹیم نے قازقستان کو سولہ صفر سے شکست دے دي۔ توثيق محمد نے چار اور ابوبکر محمود نے تين گولز داغے۔ علي شان، عمر بھٹہ اور رضوان علي نے دو دو گولز اسکور کيے۔
دوسری جانب ایشین گیمز میں پاکستان کی خراب کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔ سات روز میں پاکستانی ٹیم واحد برانز میڈل حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔18 اگست سے شروع ہونے والے گیمز میں پاکستانی کی کئی ٹیمیں شکست کے بعد وطن واپس پہنچ چکی ہیں۔
اس ایونٹ میں45 ممالک شرکت کررہے ہیں۔ پاکستان گیمز میں شرکت کرنے والا 12 واں سب سے بڑا ملک ہے جس کے کھلاڑیوں کی تعداد 352ہے۔
میزبان ملک انڈونیشیا کا سب سے بڑا دستہ ہے ،جس میں کھلاڑیوں کی تعداد938ہے۔ گیمز میں پاکستان 45 کھیلوں میں سے 35 کھیلوں میں شرکت کررہا ہے جس میں 15 کھیلوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔ اب تک ہونے والے گیمز میں پاکستان کی پوائنٹس ٹیبل پر 28 ویں پوزیشن ہے۔
پاکستان نے صرف کبڈی میں برانز میڈل کے حصول کو ممکن بنایا ہے۔ ٹیبل پر چین نے66 گولڈ سمیت مجموعی 138 میڈلز حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی ہوئی ہے۔ جاپان 29 گولڈ کے ساتھ 101میڈلز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ری پبلک آف کوریا 21 گولڈ کے ساتھ مجموعی طور پر75 میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارت چھ گولڈ کے ساتھ 25 میڈلز کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔