پی ٹی آئی نے عثمان بوزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کردیا

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور نومنتخب وزیراعظم عمران خان نے ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے رکن پنجاب اسمبلی سردار عثمان بوزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کردیا۔

نمائندہ سماء کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین اور نومنتخب وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پنجاب کے پسماندہ علاقے ڈیرہ غازی خان کے ایم پی اے سردار عثمان بوزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کردیا۔

عثمان بوزدار 25 جولائی کو عام انتخابات میں پی پی 286 ڈیرہ غازی خان سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی نامزدگی پر عمران خان کا کہنا ہے کہ سردار عثمان بوزدار جانتے ہیں کہ غریب آدمی کیسے رہتا ہے، یہ واحد ایم پی اے ہیں جن کے گھر میں بجلی نہیں، سردار عثمان نے پسماندگی کو قریب سے دیکھا، نچلی سطح کے رہنے والوں کو سہولیات دینا مشن ہے۔

عمران خان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والے رکن کو بنایا جائے گا۔

مزید جانیے : پرویز الٰہی اسپیکر، دوست محمد مزاری ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب

اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے فواد چوہدری، علیم خان سمیت دیگر رہنماؤں کے ناموں پر بھی غور کیا جارہا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب 19 اگست کو ہوگا، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ق لیگ کے رہنماء چوہدری پرویز الٰہی کو اسپیکر کے انتخاب میں 201 جبکہ ڈپٹی اسپیکر کیلئے سردار دوست محمد مزاری کو 187 ووٹ ملے تھے۔

پاکستان تحریک انصاف پنجاب اسمبلی میں 179 اراکین کے ساتھ اکثریتی جماعت ہے، جب اسے مسلم لیگ ق کے 10 اور 4 آزاد اراکین کی بھی حمایت حاصل ہے۔

پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی سردار عثمان بوزدار 2001ء اور 2005ء میں تحصیل ناظم رہ چکے ہیں جبکہ انہیں 2013ء انتخابات میں ن لیگ کے ٹکٹ پر پی پی 241 سے شکست ہوئی تھی۔

PTI

PUNJAB

IMRAN KHAN

USMAN BUZDAR

Tabool ads will show in this div