آسٹریلیا: آگ بجھانے والا ہیلی کاپٹر درختوں سے ٹکراگیا، پائلٹ ہلاک

آسٹریلیا میں جنگل کی آگ بجھانے کے دوران ایک ہیلی کاپٹر درختوں سے ٹکرا کر گرگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہو گیا۔
آسٹریلیا کے شہری ہوا بازی کے ادارے کے ترجمان پیٹر گبسن نے کہا ہے کہ حادثہ آسٹریلیا کے صوبے نیو ساؤتھ ویلز میں پیش آیا۔ ترجمان کے مطابق ہیلی کاپٹر میں صرف ایک پائلٹ موجود تھا جو ہلاک ہوگیا ہے۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے پائلٹ کی شناخت الان ٹل کے نام سے ہوئی ہے جو ایک تجربہ کار ہوا باز اور 2015 میں بھی جنگل میں لگی آگ بجھانے میں کردار ادا کیا تھا۔
پولیس نے حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کرائم سین کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ آسٹریلین ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو کے 4 افسران بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔
آسٹریلین ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو حادثے کی تحقیقات کریں گے۔ تحقیقات کے دوران عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے جبکہ ہیلی کاپٹر کے دستیاب پرزوں کا بھی تجزیہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ نیو ساوتھ ویلز میں گزشتہ دو دنوں سے جنگل میں آگ لگی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں کئی مکان جل کر راکھ ہو چکے ہیں۔
گزشتہ روز بھی آگ بھجانے کی کوشش میں فائر بریگیڈ کی گاڑی الٹنے کے نتیجے میں عملے کے چار ارکان زخمی ہو گئے تھے۔