کوئین آف سول، اریتھا فرینکلن انتقال کر گئیں

امریکی دنیائے موسیقی میں کوئین آف سول کہلانے والی گلوکارہ اریتھا فرینکلن 76 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ وہ سرجری کے بعد واپس گلوکاری کی جانب آئیں تھیں تاہم چند سالوں میں ہی دوبارہ بیمار ہوگئیں۔

امریکی گلوکارہ کئی سالوں سے لبلبے کے کینسر میں مبتلا تھیں، اریتھا فرینکلن نے18 گریمی ایوارڈز اور25گولڈ ریکارڈز حاصل کیےہیں۔ اریتھا روک اینڈ رول ہال آف فیم کی پہلی خاتون تھیں، 2010 میں رولنگ اسٹون میگزین نے انہیں روک ایرا کی نمبر ون گلوکارہ کا اعزاز دیا تھا۔

ان کے مقبول گانوں میں ریسپیکٹ، بے بی آئی لو یو اور چین آف فولز شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آریتھا کا انتقال امریکی ریاست مشی گن کے شہر ڈیٹرائٹ میں ہوا۔

اپنی پرسوز آواز اور روح میں اتر جانے والی موسیقی کے باعث انہیں روح کی ملکہ کا خطاب بھی دیا گیا۔ اریتھا فرینکلن امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر میمفس میں 1942 کو پیدا ہوئیں اور ان کا پہلا میوزک ایلبم ‘اسپریچوئلز‘ محض 14 برس کی عمر میں ریلیز ہوا۔

انہوں نے بڑے اور نامور موسیقاروں کے ساتھ بھی کام کیا، جب کہ وہ کئی دہائیوں تک بہترین گلوکاراؤں کی صف میں شامل رہیں۔

Tabool ads will show in this div