چارسدہ،رشتے کے تنازعے پر فائرنگ،6 افراد قتل
چار سدہ میں رشتے کے تنازعے پر فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق، جب کہ 2 زخمی ہوگئے۔ پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا
پولیس کے مطابق چار سدہ کے علاقے تھانا سٹی کی حدود میں دو خاندانوں کے درمیان رشتے کے تنازعے پر معمولی تکرار شروع ہوئی، جو بعد ازاں مشتعل انگیزی اور ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔
اسی دوران دونوں جانب سے فائرنگ کی گئی، جس سے 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ فائرنگ سے دو افراد زخمی بھی ہوئے، جس میں ایک راہ گیر بچہ بھی شامل ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ لاشوں کو ضروری کارروائی کیلئے ڈسٹرکٹ اسپتال، جب کہ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمی اور جاں بحق ہونے والے آپس میں رشتے دار ہیں۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے آلہ قتل اور گولیوں کے خول برآمد کرلیے۔ پولیس کے مطابق ایک رشتے دار پہلے اپنے ماموں کے گھر گئے، جہاں ان کے تین بیٹوں اور خاتون کو فائرنگ کرکے قتل کیا، جس کے بعد دوسرے خاندان کی جانب سے فائرنگ کرکے خاتون اور مرد کو قتل کیا گیا۔