پیپلزپارٹی نے مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ نامزد کردیا

بلاول ہاؤس کراچی کے اہم اجلاس ميں بڑے فيصلے ہوگئے، سید مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ سندھ اور آغا سراج درانی کو اسپیکر اور ریحانہ لغاری کو ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی نامزد کردیا گیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت بلاول ہاؤس میں ہوا، جس میں سندھ حکومت کے بڑے عہدوں کیلئے نامزدگیوں پر غور کیا گیا۔

ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پیپلزپارٹی نے سید مراد علی شاہ کو ایک بار پھر وزیراعلیٰ سندھ نامزد کردیا، آغا سراج درانی اسپیکر اور ریحانہ لغاری ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں سب چیزیں میرٹ پر ہوں گی، بلاول بھٹو نے واضح کردیا سب کو کارکردگی دکھانا ہوگی، جی ڈی اے کو سندھ کے عوام نے مسترد کردیا۔

پیپلزپارٹی نے متحدہ قومی موومنٹ سے مشروط بات چیت کا عندیہ دے دیا، ناصر شاہ کہتے ہیں کہ ایم کیو ایم سے بھی بات کریں گے، تاہم انہیں نئے یونٹ کے مطالبے سے دستبردار ہونا ہوگا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ میں مسلسل تیسری حکومت ہوگی، 2008ء میں بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد وفاق اور سندھ میں حکومت بنانے کے بعد 2013ء کے انتخابات میں پیپلزپارٹی کو قومی اسمبلی میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم سندھ میں وہ حکومت بنانے میں باآسانی کامیاب ہوگئی تھی۔

سابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے پی ایس 34 سیہون سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ آغا سراج درانی پی ایس 9 شکار پور سے جیت کر سندھ اسمبلی کے رکن بنے ہیں، ڈپٹی اسپیکر کیلئے نامزد ریحانہ لغاری خواتین کی مخصوص نشست پر سندھ اسمبلی کی رکن بنیں، وہ 2013ء سے 2018ء تک بھی ایم پی اے رہ چکی ہیں۔

سابق ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 243 پر امیدوار تھی تاہم وہ چند ہزار ووٹ ہی حاصل کرسکیں، اس نشست پر عمران خان نے کامیابی حاصل کی تھی۔

MURAD ALI SHAH

speaker sindh assembly

Election 2018

#GE2018

Rehana Laghari

RSW

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div