صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کرلیا
قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کرلیا گیا، صدر مملکت نے سمری منظور کرلی، نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے۔
صدر مملکت ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کرنے کی الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے بھیجی گئی سمری منظور کرلی۔
سمری کے مطابق 13 اگست کو اجلاس میں نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے، اسی روز اسپیکر اور ڈپٹی اسپیر کیلئے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے اور 13 اگست کو ہی دونوں عہدوں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔
الیکشن 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیابی کے بعد اکثریتی جماعت بن کر ابھری ہے، سابق حکمراں جماعت کا دوسرا اور پاکستان پیپلزپارٹی کا تیسرا نمبر ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے باعث سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف قومی اسمبلی میں جارہے ہیں، اپوزیش جماعتوں کے اتحاد نے انہیں وزیراعظم کیلئے امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ ناکامی کی صورت میں قائد حزب اختلاف بھی وہیں ہوں گے۔
شہاز شریف نے این اے 132 لاہور کی نشست رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ صوبائی اسمبلی کی پی پی 164 اور پی پی 165 کی نشستیں چھوڑنے کیلئے درخواستیں بھی دے دی ہیں۔
حمزہ شہباز قومی اسمبلی کی نشست این اے 124 چھوڑ کر پنجاب میں وزیراعلیٰ کے امیدوار ہوں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے قومی اسمبلی کی 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جن میں سے 4 حلقوں سے ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔