کوئی این آر او نہیں مانگ رہا، شہباز شریف نے افواہوں کی تردید کردی
سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ان افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے کہ کوئی این آر او مانگ رہا ہے یا کسی کو این آر او دینے کی پیشکش ہوئی ہے، نواز شریف ملک میں انتشار کی سیاست نہیں کرنا چاہتے۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید اپنے بھائی اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ ہی کسی نے این آر او مانگا اور نہ کسی نے پیشکش کی، نواز شریف قوم کیلئے واپس آئے تھے، سابق وزیراعظم بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر واپس آئے ۔
وہ کہتے ہیں کہ الیکشن سے قبل اور الیکشن کے دن دھاندلی ہوئی، آخر آر ٹی ایس سسٹم نے کیسے کام کرنا چھوڑ دیا تھا؟، اپوزیشن پارٹیوں نے بھرپور احتجاج کیا، نواز شریف اس ملک میں انتشار کی سیاست نہیں کرنا چاہتے، الیکشن سے پہلے ہمارے ورکرز کو جیلوں میں بند کیا گیا۔
سابو وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اپنا حق لینے کیلئے قانونی و سیاسی راستہ اختیار کریں گے، تمام تر زیادتیوں کے باوجود بھی ن لیگ بڑی جماعت ہے، ہمارے ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنز سے نکالا گیا۔
اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج میں شامل ہونے پر وضاحت دیتے ہوئے شہباز شریف بولے کہ خراب موسم کے باعچ احتجاجی ریلی میں شامل نہیں ہوسکا تھا۔
وزیر اعظم کے عہدے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار نے کہا کہ ہم سب یوم آزادی منائیں گے لیکن میرا سوال یہ ہے کہ کیا ہم آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا جشن مناسکتے ہیں؟، اس کا جواب ہے نہیں۔