الیکشن میں جمہوری قوتوں کو ہرانے کیلئے تمام حربے استعمال کئے گئے، حاصل بزنجو
نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر حاصل خان بزنجو کا کہنا ہے کہ پچیس جولائی کے انتخابات میں ملکی تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی، انتخابات میں جمہوری قوتوں کو جمہوریت اور پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑے ہونے کی سزادی گئی، دھاندلی کا آغاز بلوچستان سے کیا گیا۔
کوئٹہ پریس کلب میں نیشنل پارٹی کے صدر حاصل بزنجو اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کی، جس میں انتخابی دھاندلی اور نتائج پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
حاصل خان بزنجو کا کہنا تھا کہ نیشنل پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کا اجلاس 7 اور 8 اگست کو ہوا، جس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے، کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی کی کارکردگی اور انتخابات کا جائزہ لیا گیا، وہ بولے کہ جس نے پارٹی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی اسے نوٹس بھیجیں گے، جواب سے مطمئین نہیں ہوئے تو خلاف وزری کرنے والوں کو پارٹی سے نکال دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے حالیہ انتخابات کو فراڈ قرار دیتے ہوئے اسے مکمل طور پر مسترد کیا، اسٹبلشمنٹ نے جمہوری قوتوں کو ہرانے کیلئے تمام حربے استعمال کئے، دھاندلی کا آغاز اس مرتبہ بلوچستان سے کیا گیا جب الیکشن سے قبل جمہوری حکومت کو ختم کر کے نئی جماعتیں بنائی گئیں، یہ سب قبل ازانتخابات دھاندلی تھی، جب اس سے کام بنتا نظر نہیں آیا تو لوگوں کو دھمکایا گیا کہ آپ نئی جماعت میں شامل ہو جائیں۔
حاصل بزنجو مزید کہتے ہیں کہ ہم پارلیمنٹ اور جمہوری قوتوں کے ساتھ کھڑے ہیں، نیشنل پارٹی صاف اور شفاف انتخابات کیلئے بنے اتحاد کا حصہ ہے اور صاف و شفاف الیکشن کیلئے الائنس کے ساتھ مل کر جدوجہد کریں گے۔