بلوچستان میں کرپشن برداشت نہیں کریں گے،سردار یارمحمد رند

پی ٹی آئی بلوچستان کے صوبائی صدر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں حکومت سازی کے لیے بی اے پی کی حمایت کر رہے ہیں اگر وہ حکومت سازی نہیں کر پائی تو پھر اپنا الگ لائحہ عمل ترتیب دیں گے۔
سردار یار محمد رند کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے بی اے پی کے صدر جام کمال کو بلوچستان سے کرپشن صاف کرنے کا کہا ہے جب کہ تعلیم،صحت اور امن و امان بھی بی اے پی کےترجیحات میں شامل ہونا چاہیئے،ان کا کہنا تھا کہ مرکز کی جانب سے بی اے پی کی حکومت سازی میں حمایت کرنے کے فیصلے کے بعد ہم اس بات کے پابند ہیں کہ بی اے پی کوحکومت سازی کا موقع دیں اور اگر وہ حکومت سازی نہیں کر پائے تو پھر ہم اپنا الگ لائحہ عمل ترتیب دیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم حکومت میں ہوں یا نہ ہوں ہم جام کمال کے مثبت کاموں کو ہمیشہ سپورٹ کریں گے اور امید ہے کہ وہ بلوچستان کی خوشحالی کے لیے ضرور ڈیلیور کریں گے،جہانگیر ترین کے بنی گالہ میں جام کمال کو بلوچستان کا وزیر اعلیٰ نامزد کرنے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ اگر اس سوال کا جواب نہ ہی دیں تو بہتر ہو گا۔
پی ٹی میں شامل ہونے والے آزاد امیدوار میر نعمت زہری کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میر نعمت زہری کی شمولیت سے پی ٹی آئی بلوچستان میں مزید مضبوط ہوگی،واضع رہے کہ پی بی 36 سوراب سے کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار میر نعمت زہری سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اور مسلم لیگ ن کے رہنما نواب ثنا اللہ زہری کے چھوٹے بھائی ہیں