محکمہ موسمیات نے5اگست سے موسم کی تبدیلی کااشارہ دےدیا

جڑواں شہروں ميں حبس نے شہريوں کو بے حال کرديا ہے تاہم محکمہ موسمیات نے اتوارسےموسم میں تبدیلی کااشارہ دیاہے۔
محکمہ موسميات نے پيشگوئي کی ہےکہ 5 اگست سےمون سون کانياسلسلہ شروع ہوگا۔ پیر سے بدھ کے دوران خیبرپختونخوا اور پنجاب ميں بارش کا امکان ہے۔راولپنڈی،لاہور،سرگودھا، بہاولپورڈویژن ميں بھي ابرکرم برسے گا۔
دو روز بعد مشرقی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان ميں بھی بارش متوقع ہے۔ کشمیر،گلگت بلتستان ، ملاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، اسلام آباد میں مغربی ہوائیں بارش برسائیں گی ۔
سندھ میں سکھر، حیدر آباد، میرپور خاص ، ٹھٹھہ اور شہید بے نظیر آبادوالے بھی بھیگے بھیگے موسم کے مزے اڑائیں گے۔تاہم آج بروز ہفتہ ملک کےبیشترعلاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات کےمطابق برسات کاسلسلہ کراچی اوربلوچستان تک نہیں پہنچ پائےگا۔ مون سون کا سلسلہ بتدریج کمزور تر ہونے کا امکان ہے۔ کم بارشوں سے دریاؤں میں آبی صورتحال متاثر ہونے اورمنگلا ڈیم میں پانی کی سطح کم رہنے کا خدشہ ہے۔
آنے والے دنوں میں سندھ کے کچھ علاقوں اور بلوچستان پر تو خشک سالی کے خطرات بھی منڈلاتے نظر آتے ہیں۔