عام انتخابات میں سیاہی کا کمال

تحریر: شرجیل احمد قریشی

سال 2017 ء میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی زیر صدارت عام انتخابات 2018ء کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے، جس میں منیجنگ ڈائریکٹر پرنٹنگ کارپوریشن پریس پاکستان، پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کراچی، پاکستان کونسل برائے سائنسی و صنعتی تحقیق، وزارت خزانہ، کابینہ ڈویژن اور پوسٹل سروسز ڈویژن کے حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ عام انتخابات میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان انمٹ سیاہی کی بجائے انمٹ انک مارکر استعمال کرے گا، پاکستان کونسل برائے سائنسی و صنعتی تحقیق سرٹیفکیٹ دے گی کہ مارکر میں انمٹ سیاہی کی تمام خوبیاں اور عناصر شامل ہوں۔

پچیس جولائی کو عام انتخابات والے دن جب میں نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا تو اس روز انتخابی عملے نے میرے دایاں انگوٹھا پر کالی سیاہی سے ایک انمٹ نشان میرے انگوٹھے پر لگا دیا جس سے اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ میں اپنا ووٹ کاسٹ کر چکا ہوں تاکہ الیکشن کے نتائج کو شفاف بنایا جا سکے۔ ووٹنگ کے اس مرحلے کے بعد جب مرحلہ نتائج کا آیا تو ایک جماعت کے علاوہ باقی تمام سیاسی جماعتوں نے ان انتخابی نتائج کو ماننے سے انکار کردیا اور دھاندلی کا شور مچایا۔

پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے یورپی یونین کے مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے عام انتِخابات 2013 میں ہونے والے عام انتخابات سے کسی طور پر بھی بہتر نہیں ہیں۔ یورپی یونین کے مبصرین کے وفد کے سربراہ مائیکل گالر نے کہا کہ پولنگ کے دوران سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کو پولنگ اسٹیشنز کے اندر تعینات کرنا ناقابل فہم عمل ہے جبکہ الیکشن کمیشن ایکٹ میں ایسی کوئی تجویز نہیں ہے جس میں سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کو پولنگ اسٹیشنز کے اندر تعینات کیا جائے۔ یورپی یونین کے مبصرین کے وفد کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ان کے مشاہدے کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی انتخابی مہم چلانے کے لیے یکساں مواقع فراہم نہیں کیے گئے۔ دوسری طرف انتخابی معاملات کی نگرانی کرنے والی غیر سرکاری تنظیم فافن نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انتخابی عمل میں تاخیر اور ووٹوں کی گنتی سست روی کا شکار رہی۔ اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 1571 پولنگ سٹیشنز کے اندر ووٹرز کو مخصوص امیدوار کیلئے راغب کیا گیا اور غیر مجاذ افراد دندناتے رہے۔ اس کے علاوہ 163 پولنگ اسٹیشنز پر یہ افراد پولنگ عملہ پر اثر انداز ہوئے۔ اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 344 پولیس پولنگ اسٹیشنز پر اہل ووٹرز کو سیکیورٹی اہلکاروں کی کی طرف سے روکا جاتا رہا۔ اور سب سے زیادہ واقعات صوبہ پنجاب میں ہوئے ہیں۔

میرے آج کے آرٹیکل کا مقصد دھاندلی، اس کے نتائج، یورپی مبصرین کی رپورٹ نہیں بلکہ میرا مقصد پاکستان میں بسنے والے ان 22 کروڑ لوگوں اور تقریبا 10کروڑ حق رائے دہی استعمال کرنے والوں سے متعلق ہے جنہوں نے ایک جماعت کو اگلے پانچ سال کے لیے اقتدار کے ایوانوں میں پہنچایا اگر یہ جماعت اگلے پانچ سال پاکستان کے لیے کچھ نہ کر سکی تو کہا جاتا ہے ’’جمہوریت ایک بہترین انتقام ہے‘‘ اور آپ ووٹ کی طاقت سے کسی بھی جماعت کو اقتدار سے ان اور آؤٹ کرسکتے ہیں۔ سال 2013 میں ہونے والے انتخابات اس ان اور آؤٹ کی بہترین مثال ہے۔ میں اس پاکستان میں بسنے والے تمام لوگوں اور خاص طور پر سیاست کے بڑوں سے دست بدست درخواست کرتا ہوں کے اپنی ذاتی پسند اور ناپسند کو پس پشت ڈال کر خدارا اس ملک کے لئے متحد ہو جائیں تاکہ ہمارا دشمن یہ بات جان لے کہ ہم  پاکستان کے کسی بھی حصے گاؤں یا  صوبے سے تعلق رکھتے ہوں کہ ہم تمام پاکستانیوں کی اولین ترجیح اس ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت ہے اور اپنے انگوٹھے پر اس کالی انمٹ سیاہی کو اپنے دلوں سے اتار دیں کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ انمٹ سیاہی ہمارے دلوں میں گھر کر جائے اور ہم بحیثیت پاکستانی سیاسی جماعتوں میں تقسیم ہو کر تشدد کی سیاست اختیار نہ کرلیں، کیونکہ اگر خدانخواستہ ایسا ہوا تو ہماری آنے والی نسل ووٹ کے تقدس کے بجائے ایسے شخص کو اقتدار کے ایوانوں میں پہنچا دیں گے جو زیادہ تشدد پسند ہو۔ پاکستان کی سیاست کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ اس ملک کے مولوی مسلک کی آڑ میں ایک دوسرے کے پیچھے نماز نہیں پڑھ سکتے مگر طاقت کے حصول کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم بنا کر ایک دوسرے کو مضبوط کر سکتے ہیں۔ اگر ہم سیاست کے لیے کچھ وقت کے لئے مسلک سے دور ہوکر ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا ہو سکتے ہیں تو پھر ان تمام  سیاسی طاقتوں کو اپنے دلوں کی اس انمٹ سیاہی کو مٹا کر ایک جھنڈے کے نیچے اکٹھا ہونا پڑے گا اپنے لیے نہ سہی اپنے بچوں کے لئے اس ملک کے لئے۔ کیونکہ ہم نہیں ہونگے اور انشاء اللہ ہمارا وطن پاکستان قیامت کی صبح تک قائم دائم رہے گا۔ آمین 

 

PTI

Politics

SAMAA Blog

Black ink

election results

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div