ریٹرننگ افسران 29جولائی تک حتمی نتائج مرتب کرلیں،الیکشن کمیشن کی ہدایت

الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کو ڈیڈ لائن دی ہےکہ حتمی نتائج انتیس جولائی تک مرتب کئے جائیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ریٹرننگ افسران پولنگ کے بعد پانچ روز میں حتمی نتائج مرتب کرنے کے پابند ہیں۔ غیر حتمی نتیجہ جاری ہونے کے بعد حتمی و سرکاری نتائج کی تیاری پر کام جاری ہے۔ریٹرننگ افسر پانچ روز کے اندر تمام مسترد شدہ ووٹوں کو دوبارہ چیک کریں گے جبکہ پوسٹل بیلٹ پیپرز کے نتائج بھی حتمی نتیجے کے ساتھ جاری ہوں گے ۔
قانون کے مطابق حتمی نتائج مکمل ہونے پر ریٹرننگ افسر دوبارہ گنتی کی درخواست قبول نہیں گرے گا۔ حتمی نتائج فارم 49پرجاری ہوں گے۔امیدواروں کودس روزکےاندرانتخابی اخراجات کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔ جوامیدواراخراجات کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں گےان کا نوٹیفیکیشن روک لیا جائے گا۔
امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن چودہ روز کے اندر جاری ہو گا جبکہ پولنگ کے بعد اکیس روز کے اندر قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس بلایا جائے گا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے3 ہفتےکےاندرنومنتخب ارکان اسمبلی کانوٹیفیکشن جاری کیا جائے گا۔قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری وزیراعظم کو بھجوائے گی۔وزیراعظم اس حوالے سے اپنی ایڈوائس صدر کو بھجوائیں گےتاہم صدر مملکت اس مدت سے پہلے بھی اجلاس بلا سکتے ہیں۔قومی اسمبلی کے قاعدہ 6 کےتحت منتخب رکن قومی اسمبلی حلف اٹھائے گا۔اراکین کےحلف کےبعدآئین کےآرٹیکل 53. ون اور قومی اسمبلی کےقاعدہ 9 کے تحت اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب ہوگا۔