قومی کرکٹ ٹیم کا سمر کیمپ بارش کی نذر، عمر گل تینوں فارمیٹ کیلئے دستیاب
اسٹاف رپورٹ
لاہور : لاہور میں قومی کرکٹ ٹیم کا سمر کنڈیشننگ کیمپ بارش کے باعث مقررہ وقت سے پہلے ختم کردیا گیا، عمر گل کہتے ہیں کھیل کے تینوں فارمیٹ کیلئے دستیاب ہوں۔
شام کے سيشن ميں کھلاڑی تربيت کیلئے ميدان ميں اترے تو خوشگوار موسم نے ان کا استقبال کيا، کرکٹرز نے کوچ محمد اکرم کی زير نگرانی مختلف ڈرلز کيں اور جسمانی فٹنس حاصل کرنے کیلئے ورزشوں ميں مصروف رہے۔
کيمپ ميں شريک فاسٹ بولر عمر گل نے ميڈيا سے گفتگو کرتے ہوئے بتايا کہ وہ کھيل کے تينوں فارميٹ کیلئے ٹيم کو دستياب ہيں، فٹنس ليول بہتر بنانے کیلئے انہوں نے کاونٹی کرکٹ کا معاہدہ بھی نہيں کيا۔
کھلاڑيوں کی ٹريننگ کے دوران ہی تيز بارش کا آغاز ہوگيا، جس کے باعث تربيتی کيمپ مقررہ وقت سے پہلے ہی ختم کرنا پڑا۔ سماء
شاہ محمود قریشی کا رشید گوڈیل سے رابطہ، انتخابی اصلاحات اور سیاسی صورتحال پر گفتگو
ویب ایڈیٹر
کراچی : پی ٹی آئی رہنماء شاہ محمود قریشی نے متحدہ قومی موومنٹ کے لیڈر رشید گوڈیل سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انتخابی اصلاحات و ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی۔
پی ٹی آئی نے انتخابی اصلاحات سے متعلق رابطے تیز کردیئے، شاہ محمود قریشی نے ایم کیو ایم کے رہنماء رشید گوڈیل سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جس میں الیکشن ریفارمز سمیت ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی کا وفد جلد ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کا دورہ کرے گا۔ سماء
وزیراعظم کل کراچی میں امن و امن پر اجلاس کرینگے، متحدہ کے وفد کی ملاقات متوقع
ویب ایڈیٹر
کراچی : وزیراعظم نواز شریف کل کراچی کا اہم دورہ اور امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں آرمی چیف بھی شریک ہوں گے جبکہ متحدہ کے وفد کی بھی وزیراعظم سے ملاقات کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کل کراچی کے اہم دورے پر آرہے ہیں، وہ امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ظہیر الاسلام، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان شریک ہوں گے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت سے رابطہ کرکے الطاف حسین کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے مسئلے کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے اعلیٰ سطحی وفد کی کل وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔ سماء