ایفیڈرین کیس، حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا، عدالت سے گرفتار

انسداد منشیات عدالت نے ایفی ڈرین کیس کافیصلہ سنادیا، مسلم لیگ ن کے رہنماء کو مجرم قرار دے کر عمر قید کی سزا سنادی گئی، اے این ایف نے حنیف عباسی کو گرفتار کرلیا۔
عدالت نے ایفیڈرین کوٹہ کیس کيس کا آج ہی فيصلہ محفوظ کیا تھا، اين اے 60 سے ليگي اميدوار حنیف عباسی الیکشن کیلئے بھی نااہل قرار ہوگئے، ان کا مقابلہ شیخ رشید سے تھا۔
نمائندہ سماء سہیل رشید کے مطابق حنیف عباسی کو عمر قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی، جرمانہ ادا نہ کرنے پر مزید 2 سال قید بھگتنا پڑے گی، حنیف عباسی کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
ویڈیو دیکھیں : حنیف عباسی کی گرفتاری کے مناظر
ایفی ڈرین کوٹہ کیس کا فیصلہ جج اکرم خان نے پڑھ کر سنایا، جو کئی گھنٹے تک محفوظ رکھا گیا، راولپنڈی کی انسداد منشیات عدالت ميں مسلسل چھٹے روز کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔ انسداد منشیات عدالت نے ایفیڈرین کیس میں نامزد دیگر ملزمان کو شک کی بنیاد پر بری کردیا گیا۔
نمائندہ سماء کے مطابق انسداد منشیات عدالت سے حنیف عباسی کی گرفتاری میں اے این ایف کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ن لیگی کارکنان نے عدالت کو گھیر رکھا ہے، مسلم لیگ ن کے رہنماء کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے میں بھی دشواری پیش آرہی ہے، حنیف عباسی گرفتاری میں رکاوٹ بننے والے کارکنوں پر برس پڑے، اینٹی نارکوٹکس فورس کے اہلکار ن لیگی رہنماء کو عقبی دروازے سے لے گئے۔
ویڈیو دیکھیں : ایفیڈرین کیس میں گرفتاری، حنیف عباسی لیگی کارکنوں پر برہم
این اے 60 سے نون لیگ کے امیدوار حنيف عباسي سميت ديگر مقدمے میں نامزد 8 ملزمان پيش ہوئے۔وکیل صفائي تنویر اقبال نے دلائل ديئے کہ اے این ایف ایفی ڈرین کے غیر قانونی استعمال کی بات کرتی ہے مگرکوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں تفتیشی افسر کو چا ہیے تھا کہ وہ تمام ثبوتوں کا ریکوری میمو بناتا۔
ویڈیو دیکھیں : حنیف عباسی کی گرفتاری، لیگی کارکنوں کی توڑ پھوڑ
پراسیکیوٹر اے این ایف کا کہنا تھا کہ انسداد منشیات ایکٹ کی خلاف ورزی ہوئی ہے،ہمارا مؤقف ہے کہ جس مقصد کیلئے ایفی ڈرین لي گئي اُس کیلئے استعمال نہیں کی گئی۔دوران سماعت جج سرداراکرم خان نےبار بار استفسارکیاکہ کسي نے مزيد کچھ کہنا ہے۔ اس پرحنيف عباسي نےکہاکہ یہ سیاسی کیس ہے،عدالت انصاف کرے۔
جج نے ريمارکس ديئےکہ میں بھی انسان ہوں، غلطی بھی ہوسکتی ہے۔شواہد پرفیصلہ کرنےکاپابند ہوں۔لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے حکم کی روشنی میں ٹرائل کورٹ نے سماعت مکمل کی۔ فیصلہ سنائےجانے کےوقت بڑی تعداد میں نون لیگی کارکنان عدالت کے باہر جمع تھے۔ جج سرداراکرم خان نے شورکےباعث اضافی لوگوں کوکمرہ عدالت سےباہرنکلنےکاحکم دیاتھا۔ ان کاکہناتھاکہ ضرورت پڑےتوپولیس کی اضافی نفری طلب کی جائے۔