عمران خان نے ٹیکس کلیکشن کا فارمولا بتادیا
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت میں آن کے بعد ٹیکس کلیکشن کا فارمولا بتادیا، کہتے ہیں ٹیکس کم کرکے وصول کریں گے، نیب اور ایف بی آر کو آزاد ادارے بنائیں گے، احتساب وہ ہوگا جو مجھ سے شروع ہوگا، پی ٹی آئی پہلے سے زیادہ اکثریت سے جیتے گی، سابق پولیس افسر کہتا ہے کہ شہباز شریف پولیس کے ذریعے قتل کرواتا ہے۔
ملتان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ 25 جولائی قوم کیلئے فیصلہ کن دن ہوگا، 22 سال سے اس دن کا انتظار کررہا تھا، کبھی کسی الیکشن کی اتنی تیاری نہیں کی، 25 جولائی کو دوستوں اور رشتہ داروں کو نکالنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے بھائی سے وفا داری نہیں کی، ملک سے کیا کرے گا، عابد باکسر کہتا ہے شہباز شریف کے کہنے پر قتل کئے، سابق وزیراعلیٰ پولیس کے ذریعے قتل کرواتا تھا، زرداری اور شریف برادران بڑے مگر مچھ ہیں، انہوں نے اربوں روپے کی جائیدادیں بنائیں، ایک ہی گیند پر دونوں وکٹیں گرائیں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین کہتے ہیں کہ تاریخ کا سب سے بڑا معاشی بحران نواز حکومت چھوڑ کر گئی، ہم سب نے مل کر کمزور طبقے کو اٹھانا ہے، ٹیکس کم کرکے وصول کریں گے، نیب اور ایف بی آر کو آزاد ادارے بنائیں گے، یہ وہ قوم بنے گی جو قائداعظم کا خواب تھی، احتساب وہ ہوگا جو مجھ سے شروع ہوگا۔
کارکنوں سے خطاب میں عمران خان بولے کہ اللہ نے چاہا تو پی ٹی آئی پہلے سے زیادہ اکثریت سے جیتے گی، خیبرپختونخوا کے لوگ کسی کو دوسری باری نہیں دیتے، ملک میں ٹیکینکل کالجز کا جال بچھائیں گے، تعلیم اور ہنر ہو تو پاکستانی اچھا کام کرسکتے ہیں، دیہاتوں پر توجہ اور کسانوں کی مدد کریں گے، خیبرپختونخوا میں غربت آدھی ہوچکی ہے۔