ایف آئی اے کا حسن اور حسین نواز کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کیلئے وزارت داخلہ سے رابطہ

احتساب عدالت فیصلے کے آفٹر شاکس جاری ہیں ، نیب نے میاں صاحب کے بیٹوں اور سمدھی کو انٹرپول کی مدد سے گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا، وزارت داخلہ نے نیب کی درخواست پر نواز شریف اور مریم نواز کا نام بھی ای سی ایل میں ڈال دیا۔
لندن فلیٹس ریفرنس میں سزا یافتہ نواز شریف کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ایف آئی اے نے حسن اور حسین نواز کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کیلئے وزارت داخلہ سے رابطہ کرلیا اور نیب کی سمری وزارت داخلہ کو بھجوا دی، سمری میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت نے حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دے کر دائمی وارنٹ جاری کر رکھے ہیں۔
وزارت داخلہ ملزمان کے ریڈوارنٹس جاری کرے تاکہ انہیں انٹرپول کی مدد سے گرفتار کر کے عدالت پیش کیا جائے، وزارت داخلہ نے نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں بھی ڈال دیا۔ لاہور پہنچنے پر فوری گرفتار کيا جائے گا۔ وزارت داخلہ نے حکمت عملی تيار کر لی۔ لاہور ائیرپورٹ کی سیکيورٹی کی ذمہ داری نگراں صوبائی حکومت کی ہوگی۔
سیکورٹی حالات دیکھ کر احتساب عدالت میں پیش کرنے کا فیصلہ ہوگا۔ سیکورٹی خدشات کی صورت میں اڈیالہ جیل میں ہی جج سے جوڈیشل ریمانڈ حاصل کیا جائے گا، نیب نے اثاثہ جات ریفرنس میں اسحاق ڈار کی بیرون ملک گرفتاری کیلئے بھی کارروائی شروع کر دی۔
اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔ وزارت داخلہ نے نیب کی درخواست نامکمل قرار دے کر واپس کر دی۔