کیپٹن (ر) صفدر نیب ٹیم کو گرفتاری دینے پر تیار

نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر نے نیب ٹیم کو گرفتاری دینے پر رضا مندی ظاہر کردی، وہ تورغر سے جلوس کی صورت میں مانسہرہ روانہ ہوگئے۔
ایون فیلڈ کیس میں ایک سال قید کی سزا پانے والے کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کیلئے وارنٹ موصول ہونے کے بعد نیب ٹیم اسلام آباد سے ایبٹ آباد روانہ ہوئی تھی۔
نیب کی ٹیم نے خیبرپختونخوا پولیس کی معاونت سے ہری پور اور ایبٹ آباد میں کیپٹن (ر) صفدر کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے تاہم ان کی غیر موجودگی کے باعث اہلکار واپس چلے گئے تھے۔
کیپٹن (ر) صفدر نے نیب کو گرفتاری دینے پر رضا مندی ظاہر کردی، وہ تورغر میں تھے، جہاں سے بڑے جلوس کے ہمراہ مانسہرہ کیلئے روانہ ہوگئے۔
گزشتہ روز احتساب عدالت نے شریف خاندان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 10 سال، مریم نواز کو 7 سال اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔
دوسری جانب نواز شریف اور مریم نواز نے جمعہ 13 جولائی کو لندن سے پاکستان واپس آنے کا اعلان کیا ہے۔