نواز شریف اور مریم نواز کا جمعہ کو وطن واپسی کا اعلان

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان کردیا، کہتی ہیں کہ والد کے ہمراہ جمعہ 13 جولائی کو لندن سے پاکستان روانہ ہوجاؤں گی۔
ایون فیلڈ کیس میں 7 سال قید کی سزا پانے والی سابق وزیراعظم کی بیٹی مریم نواز نے وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان کردیا۔
بیورو چیف سماء لندن کوثر کاظمی کے مطابق مریم نواز نے میڈیا سے تازہ گفتگو میں بتایا کہ وہ اپنے والد نواز شریف کے ہمراہ جمعہ کے روز وطن روانہ ہوں گی۔
تفصیلات جانیں : نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے وارنٹ گرفتاری جاری
کہتی ہیں کسی قربانی سے دريغ نہيں کريں گے، لندن فلیٹس ریفرنس میں ناانصافی ہوئی، نواز شریف کیخلاف کرپشن ثابت نہیں ہوئی، احتساب عدالت نے فيصلہ مفروضوں پر ديا، ريڈ وارنٹس جاری کرنیوالے انہيں ڈکٹيٹرز کيلئے سنبھال کر رکھيں۔
انہوں نے کہا کہ جدوجہد پھولوں کی سیج نہیں ہوتی، لندن میں جلسے پلان کا حصہ ہیں، عوام کبھی تقسیم نہیں ہوتے۔
مزید جانیے : مہلت ختم ہونے سے قبل پاکستان چلےجائیں گے؛مریم نواز
اس سے قبل صبح انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں تاریخ بتانے سے گریز کرتے ہوئے صرف اتنا کہا تھا کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں اپیل کی تاریخ گزرنے سے قبل ہی پاکستان واپس چلے جائیں گے۔
احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 10 سال قید بامشقت اور 80 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ، مریم نواز کو 7 سال قید اور 20 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ جبکہ کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی، نیب کو تینوں ملزمان کی گرفتاری کے وارنٹ موصول ہوگئے ہیں، کیپٹن صفدر کی گرفتاری کیلئے کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
نگراں وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ عدالت سے سزا کی صورت میں نواز شریف اور مریم نواز پاکستان آنے پر گرفتار کرلیا جائے گا۔