نواز شریف انتخابات کو متنازعہ اور سیاسی کیس بنانا چاہتے ہیں،شیری رحمان
پیپلز پارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ نواز شریف قانونی طور پر دفاع کرنے میں ناکام رہے اور وہ انتخابات کو متنازعہ اور سیاسی کیس بنانا چاہتے ہیں۔
ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے سینیٹ کی قائد حزب اختلاف سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف فیصلہ غیر متوقع نہیں تھا اور نواز شریف قانونی طور پر دفاع کرنے میں ناکام رہے، ناز شریف کا وطن واپس آنا ان کی مجبوری ہے۔
سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ نواز شریف انتخابات کو متنازعہ اور سیاسی کیس بنانا چاہتے ہیں، نواز شریف اپنے بھائی شہباز شریف کو بھی مشکل میں ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا فیصلے سے متعلق رد عمل بڑا دھیما تھا۔
شیری رحمان نے کہا کہ نواز شریف نے پورے نظام، پارٹی اور خود کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ ہم نے نواز شریف کا پارلیمان میں ساتھ دیا لیکن پیپلز پارٹی کے ساتھ دینے کو نواز شریف نے ڈیل سمجھا۔ ن لیگ نے معاملے کو اپنی ذات کی جنگ سمجھا۔ نواز شریف نے ووٹ کی عزت کو بے توقیر کیا۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ کہا جا رہا انتخابات کے نتائج ان کے حق میں نہ آئے تو پھر یہ انتخابات کسی اور کے ہوں گے، یہ بھی کہا جا رہا ہے انتخابات حق میں آئے تو صاف شفاف سمجھا جائیگا۔