بلوچستان ہائی کورٹ کا فیصلہ، پی ٹی آئی کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نا اہل قرار
بلوچستان ہائی کورٹ کے جج جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس نذیر لانگو پر مشتمل دو رکنی بنچ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھا اور پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند کو این اے 260 اور پی بی 17 سے الیکشن لڑنے کے لئے نااہل قرار دیدیا،نااہل ہونے والوں میں دو سابق صوبائی وزراءبھی شامل ہیں۔
الیکشن ٹربیونل نے سردار یار محمد رند کی ڈگری جعلی ہونے اور قتل کے مقدمے کی وجہ سے نااہل قرار دیا تھا جس پر سردار یار محمد رند نے بلوچستان ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی، پی ٹی آئی بلوچستان کے ترجمان کے مطابق سردار محمد رند بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر یں گے ، دو رکنی بنچ نے سابق صوبائی وزراء فائق جمالی اور بہرام اچکزئی کو بھی الیکشن کے لئے نا اہل قرار دے دیا جبکہ پشتونخوامیپ کے امیدوار قہارودان کے خلاف اے این پی کے امید وار زمرک اچکزئی کی درخواست خارج کر دی ، سابق صوبائی وزیر داخلہ میر شعیب نوشیروانی نے اپنی نا اہلی کے خلاف دائر درخواست واپس لے لی ، دو رکنی بنچ نے بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سعید احمد ہاشمی کی جانب سے الیکشن کمیشن کے خلاف دائر درخواست کی سماعت بھی کی ، دوران سماعت الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی جس پر سعید احمد ہاشمی نے اپنی درخواست واپس لے لی۔