ن لیگی سینیر رہنما ظفرعلی شاہ کاپی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان

پاکستان مسلم لیگ کے دیرینہ ساتھی اور سینیر رہنما ظفر علی شاہ نے بھی قیادت کو خیر آباد کہتے ہوئے کھلاڑی بننے کا فیصلہ کرلیا۔ ظفر علی شاہ 5 جولائی کو باضابطہ طور پر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ زلفی بخاری کے سسر اور سابق ن لیگی سینیٹر ظفرعلی شاہ نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا بڑا فیصلہ کرلیا۔ ظفر علی شاہ پانچ جولائی کو اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب میں پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ تقریب میں عمران خان بھی شریک ہوں گے۔
زلفی بخاری کے سسر ظفر علی شاہ کافی عرصے سے ن لیگ کی قیادت سے نالاں تھے۔ ظفر علی شاہ مسلم لیگ ن کے ایک اہم رہنما تھے جو سابق صدر پرویز مشرف اور بعد ازاں میں پیپلز پارٹی کے پانچ سالہ دور حکومت میں مختلف پلیٹ فارمز پر مسلم لیگ ن کا مقدمہ لڑتے رہے لیکن اپنے حقیقت پسندانہ اور بے لاگ مؤقف اور گہری قانونی رائے کے باعث وہ پارٹی کے بعض حلقوں میں ناپسندید ہ قرار دیئے جاتے تھے۔
بلدیاتی الیکشن کے موقع پر وہ اسلام آباد کی میئر شپ کے امیدوار بھی تھے، لیکن وہ بلدیاتی انتخابات میں کامیاب نہ ہونے کے باعث اسلام آباد کے میئر نہ بن سکے۔
اس حوالے سے ان کی جانب سے یہ الزام لگایا گیا تھا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے کچھ افراد نے ان کی شکست میں کردار ادا کیا تھا، تاہم کسی آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہ ہوسکی۔