میڈیا ٹرائل مقبولیت ختم نہیں کرسکتا، بی بی سی غلط فہمیاں دور کرلے، رہنما ایم کیو ایم
اسٹاف رپورٹ
کراچی : کراچی میں الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے ایم کیو ایم نے عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے، فاروق ستار کہتے ہیں کالے انگریزوں کی طرح گورے انگریز بھی جلد الزامات واپس لینے پر مجبور ہوں گے، عامر خان کا کہنا تھا کہ جھوٹا پروپیگنڈہ عوام کے دلوں سے الطاف حسین کی محبت ختم نہیں کرسکتا۔
کراچی میں الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے جلسے کا انعقاد کیا گیا، قائدین کا دھواں دھار خطاب ہوا، فاروق ستار بولے 20 سال پہلے بھی ملک کے کالے انگریزوں نے ہمارے خلاف پروپیگنڈا کیا تھا، آج گورے انگریز یہی کوشش کررہے ہیں۔
فاروق ستار کا مزید کہنا تھا برطانوی دستاویزی فلم بدترین صحافتی بد دیانتی ہے، 1965ء میں بھی اسی ادارے نے غلط خبر نشر کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹوں کو ان کی اوقات دکھانے کیلئے مظاہرہ کیا گیا، مخالفین، پاکستانی و برطانی میڈیا کی خوش فہمی اور غلط فہمی کو دور کریں گے، غلط فہمی ہے کہ ایم کیو ایم کی مقبولیت کا گراف نیچے جارہا ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ عدم تشدد کی سیاست کے حامی ہیں، ایم کیو ایم میں دھڑے بندی کی باتیں خوش فہمیاں ہیں، اپنی مخالفت اور تنقید کا کھلے دل سے احترام کرتی ہے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سب سب الطاف حسین کے ساتھ شریک جرم ہیں، لاکھوں لوگ اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کیلئے جمع ہیں، عالمی سطح پر بھی الطاف حسین کیخلاف میڈیا ٹرائل شروع ہوگیا ہے۔
رکن رابطہ کمیٹی عامر خان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین سے کارکنوں کی محبت ختم نہیں کی جاسکتی، الطاف حسین نے ظلم کیخلاف صبر کا درس دیا ہے، ان کے پر الزام لگانے والوں کو شرم آنی چاہئے۔
جلسے سے خطاب میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم آزادی صحافت کا احترام کرتی ہے لیکن دستاویزی فلم کے ذریعے میڈیا ٹرائل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔
فیصل سبزواری نے خطاب میں کہا کہ ایم کیو ایم کے خلاف میڈیا ٹرائل کوئی نئی بات نہیں، الطاف حسین کے خلاف پروپیگنڈا آج بھی جاری ہے، قائد تحریک کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ہر مسئلے کا حل الطاف حسین نے بتایا، الطاف حسین نے کبھی رشتے داروں کو ایوانوں میں نہیں بھیجا، ہم نے کبھی تشدد کا راستہ اختیار نہیں کیا۔
حیدر عباس رضوی نے بھی خطاب کیا، ان کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کے خلاف سازشیں کی جارہی ہے، سازشوں کے تانے بانے بنے جارہے ہیں، الطاف حسین آج بھی اپنی پالیسی پر گامزن ہیں، الطاف حسین کی پالیسی منافقانہ نہیں ہے۔ سماء