ڈیرہ اسماعیل خان سے آٹھ لڑکے پراسرار طور پر لاپتہ

ڈیرہ اسماعیل خان میں 15 سے 20 سال تک کی عمرکے آٹھ نوجوان 7 دن سے پر اسرار طور پر لاپتہ ہیں۔ والدین نے تھانہ سٹی میں رپورٹ درج کرادی۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے محلہ حیات اللہ سے 20 جون کو ظہر کے وقت سے8 نوجوان پر اسرار طور پر غائب ہیں۔ جن کا گھروالوں سے گزشتہ پانچ دنوں سے اب تک کوئی رابطہ نہیں ہوا۔
گمشدگی سے متعلق تھانے میں آٹھ لڑکوں کے ورثاء نے مختلف دنوں میں رپورٹ درج کرائی ہیں۔ لڑکوں کی عمریں 15 سے 20 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ لڑکے 20 جون کو ظہر کے بعد گھر واپس نہیں آئے۔
تھانہ سٹی پولیس کے مطابق والدین کی درخواست پر ابتدائی رپورٹ درج کرکے انکوائری شروع کردی ہے۔ پولیس تھانہ سٹی کے مطابق لاپتہ بچوں میں عثمان، ہمایوں، ساقی، ابوبکر، خالد، ثاقب، سبحان اور حمزہ شامل ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل سے سما کے نمائندہ احمد نواز مغل کو گمشدہ لڑکوں کے اہل خانہ نے بتایا کہ وہ گھر میں تبلیغی جماعت کے ساتھ سہہ روزہ کا کہہ کر گئے تھے۔ جس پر گھر والوں نے ان کو کپڑے اور اخراجات کے مد میں پیسے بھی دیے تاہم 3 دن پورے ہونے پر لڑکے واپس نہ لوٹے تو اہل خانہ تشویش میں مبتلا ہوگئے۔
بعد ازاں اہل خانہ نے تبلیغی مرکز سے رجوع کیا تو انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ ان لڑکوں کی مرکز میں کوئی انٹری نہیں ہوئی اور نہ ہی ان کو کسی جماعت کے ساتھ بھیجا گیا ہے۔
اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے مقدمہ تو درج کرلیا ہے تاہم لڑکوں کی تلاش میں عدم دلچسپی کا اظہار کر رہی ہے۔