محمد حفیظ فٹنس مسائل کا شکار، وارم اپ میچ میں شرکت مشکوک
اسٹاف رپورٹ
سڈنی : پہلے وارم اپ میچ میں محمد حفیظ کی شرکت مشکوک ہوگئی، پاکستانی آل راؤنڈر کو فٹ ہونے میں 3 سے 4 دن لگ سکتے ہیں، قومی ٹیم 9 فروری کو بنگلہ دیش کیخلاف میدان میں اترے گی۔
ٹیم پاکستان کے مسائل ہیں کہ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہے، جنید ان فٹ ہوکر ایونٹ سے باہر ہوچکے ہیں، سعید اجمل بھی نہیں، محمد عرفان، وہاب ریاض اور صہیب مقصود کی فٹنس سے متعلق بھی خبریں گرم ہیں۔
پروفیسر کے حوالے سے اُمید تھی کہ وہ بولنگ ایکشن ٹیسٹ پاس کرکے کچھ دکھ کم کریں گے لیکن ایسا ہوتا بھی دکھائی نہیں دیتا، ٹیم ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی آل راؤنڈر فٹنس مسائل سے دوچار ہیں جس کی وجہ سے ان کی پہلے وارم اپ میچ میں شرکت کا امکان کم ہے۔
ان ہی وجوہات کی وجہ سے حفیظ کے بولنگ ایکشن ٹیسٹ میں بھی تاخیر ہوسکتی ہے، آئی سی سی ذرائع کے مطابق پاکستانی آل راؤنڈر کا ٹیسٹ اب برسبین میں 12 فروری کو لیا جائے گا۔ سماء