الیکشن ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے بیانیے پر جیتیں گے، خواجہ آصف

ARTWORK : Ayesha Athar
ARTWORK : Ayesha Athar

خواجہ محمد آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے بیانیے پر الیکشن جیتیں گے، چاہتے ہیں ادارے حدود میں رہ کر کام کریں، چوہدری نثار کے معاملے پر کوئی بات نہیں کروں گا، تسلیم کرتا ہوں پانی کے معاملے پر لیگی حکومت نے کام نہیں کیا۔ عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ 2013ء میں دھاندلی کے مؤقف پر آج بھی قائم ہوں، سیالکوٹ کو ایماندار لیڈر شپ کی ضرورت ہے، اس بار الیکشن میں ایک لاکھ سے زائد ووٹ لیں گے۔

سماء کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا کہ الیکشن کے بارے میں حتمی بات نہیں کی جاسکتی تاہم اس بار ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے بیانیے پر انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے، ن لیگ کی پرفارمنس تمام حلقوں میں بہتر ہے، 18، 18 گھنٹے بجلی کی بندش اور گیس کی قلت کا سامنا تھا، ن لیگ نے عوام سے جو وعدے کئے پورے کئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ کو عزت دلانا بہت ضروری ہوگیا، 2013ء کے الیکشن سے پہلے آنیوالی تبدیلی کی لہر ختم ہوچکی، 2018ء کا الیکشن عام الیکشن کی طرح لگ رہا ہے، پی ٹی آئی کا نظریاتی کارکن مایوس ہوچکا ہے، کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن لڑیں گے۔

خواجہ آصف کہتے ہیں کہ شہباز شریف کبھی نہیں کہیں گے ووٹ کو عزت نہ دو، ن لیگ کو اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں، چاہتے ہیں ادارے حدود میں رہ کر کام کریں، شہباز شریف کی سربراہی میں انتخابی مہم جاری ہے۔ انہوں نے چوہدری نثار کے معاملے پر بات کرنے سے انکار کردیا۔

ندیم ملک کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زعیم قادری اچھے دوست رہے ہیں، اس مرتبہ سوشل میڈیا کچھ زیادہ ایکٹو ہے، تسلیم کرتا ہوں پانی کے معاملے پر لیگی حکومت نے کام نہیں کیا، لیگی حکومت نے بجلی کی پیداوار پر زیادہ توجہ دی۔

ندیم ملک لائیو میں سیالکوٹ سے پی ٹی آئی کے امیدوار عثمان ڈار نے خواجہ آصف پر سیالکوٹ شہر سے زیادتی کا الزام لگایا بولے کہ آج بھی مؤقف پر قائم ہوں کہ 2013ء کے الیکشن میں دھاندلی ہوئی، ن لیگ اربوں روپے ٹیکس دینے والے شہر کو سرکاری اسپتال دے سکی نہ ہی پینے کا پانی، سیالکوٹ میں ایک بھی فنی تعلیمی ادارہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ انڈسٹری کے 5 ارب سے زائد کے فنڈز رُکے ہوئے ہیں، خادم اعلیٰ نے 270 ارب روپے اورنج لائن پر لگادیئے، 6 ارب روپے میں جدید اسپتال بن جاتا، شہر میں پینے کا پانی نہیں، اورنج لائن کا کیا فائدہ۔

تحریک انصاف رہنماء نے مزید کہا کہ سیالکوٹ کو ایماندار قیادت کی ضرورت ہے، اس بار الیکشن میں ایک لاکھ سے زائد ووٹ لیں گے، پی ٹی آئی میں آنے والے لوگوں پر کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔

PTI

NML

Nadeem Malik Live

Election 2018

USMAN DAR

#GE2018

Tabool ads will show in this div