سوات، گاڑی دریا میں گرنے سے 3 افراد ڈوب گئے

Jun 22, 2018

ضلع سوات کی تحصیل بحرین کے علاقہ بوڈی کمر کے مقام پر گاڑی دریائے سوات میں جاگرنے سے تین افراد ڈوب گئے جن کی تلاش جاری ہے۔

تھانہ بحرین کے محرر گوہر نے سما کو بتایا کہ سوزوکی لوڈر نمبر 0493 لائیکوٹ سے پشمال جارہی تھی کہ بوڈئی کمر کے مقام پر خراب سڑک کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوگئی اور دریائے سوات میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 3افراد دریائے سوات کے بے رحم موجوں کی نذر ہوگئے جن کی شناخت اقبال حسین ولد شیر محمد، سلطان زرین ولد تاج محمد اور عزت گل ولد گل ذادہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔

واقعہ کی خبر ملتے ہی امدادی کارکنان، علاقہ مکین اور پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کرامدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا لیکن تاحال کامیابی نہیں ملی۔ مقامی لوگوں کے مطابق اقبال حسین کے والد کا چالیس واں تھا، جس کی اطلاع دینے کے لئے لائیکوٹ سے پشمال جارہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے۔

مقامی صحافی حیات محمد کالامی نے سما کو بتایا کہ سڑاب کی خراب حالت کے باعث گزشتہ دو ماہ کے دوران یہ چوتھا حادثہ پیش آیا ہے۔ اس واقعہ سے محض دو روز قبل بونیر سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کی گاڑی رامیٹ کے مقام پر دریائے سوات میں گرگئی تھی، جس میں سات افراد جاں بحق ہوچکے تھے جن میں سے ایک کی لاش بھی تاحال نہ مل سکی۔

KPK

dead

Tabool ads will show in this div