امریکی جیل میں عافیہ صدیقی کے ساتھ بدسلوکی کا معاملہ، دفتر خارجہ کی تصدیق

Jun 21, 2018

دفتر خارجہ نے عافيہ صديقی کیساتھ امريکی جيل ميں بدسلوکی کے معاملے پر شکایت کی تصدیق کردی، ڈاکٹر فیصل کہتے ہیں ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل سے ملاقات میں عافيہ نے جيل عملے کی جانب سے بدسلوکی کی شکايت کی، پاکستان نے معاملہ متعلقہ امریکی حکام کیساتھ اٹھایا ہے۔

دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان وزارت خارجہ محمد فیصل نے بتایا کہ ہیوسٹن میں موجود قونصل جنرل نے 23 مئی کو امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کی، عافیہ نے امریکی حکام کی جانب سے بدسلوکی کی شکایت کی، جس پر قونصل جنرل نے متعلقہ حکام کے سامنے معاملہ اٹھایا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان، افغانستان میں مفاہمتی عمل اور امن اقدامات کی حمایت کرتا ہے، قیام امن سے متعلق معاملات پر فیصلہ افغان قیادت کو کرنا ہے، پاکستان گڈ طالبان اور بیڈ طالبان میں کوئی فرق نہیں رکھتا، تحریک طالبان پاکستان کیخلاف کارروائیاں جاری رکھین گے۔

ترجمان محمد فیصل کہتے ہیں کہ گزشتہ 6 ماہ میں پاکستان سے 291 بھارتی قیدیوں کو رہا کیا گیا، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیشن کی کشمیر سے متعلق رپورٹ اور انٹرنیشنل کمیشن کے قیام کی تجویز کا خیر مقدم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے رپورٹ کو مسترد کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت حقائق چھپا نہیں سکتا، پڑوسی ملک اگر کچھ چھپانا نہیں چاہتا تو کمیشن کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے دے، ہم کمیشن آف انکوائری کو آزاد کشمیر کے دورے کی دعوت دیتے ہیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اس سے پہلے کلبھوشن یادیو کے معاملے پر بھی بھاگ چکا ہے، پاکستان نے کلبھوشن سے متعلق حقائق سامنے رکھنے کا کہا تھا، پاکستان بھارت سے کشمیری صحافی شجاعت بخاری کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے، کشمیر میں صحافیوں کو بھی تحفظ حاصل نہیں، بھارت نے شجاعت بخاری کے قتل کا سیاسی استعمال کرنے کی کوشش کی۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ بولے کہ ایف اے ٹی ایف پر امریکا سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطے میں ہیں اور پاکستانی وزارت خزانہ اس حوالے سے اقدامات کررہی ہے۔

FO

USA

Dr Mohammad Faisal

Aafia Siddiqui

Tabool ads will show in this div