کراچی،رینجرز پرفائرنگ کرنیوالا حملہ آورجوابی کارروائی میں ہلاک
ویب ڈیسک:
کراچی : نارتھ ناظم آباد کے علاقے مجاہد کالونی میں رینجرز اہل کاروں پر فائرنگ کرنے والا ملزم جوابی کارروائی میں مارا گیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق منگل کے روز علاقے میں گشت پر مامور رینجرز کی موبائل پر حملہ آور نے فائرنگ شروع کردی۔ ملزم موٹر سائیکل پر سوار تھا، فائرنگ کے بعد رینجرز کے جوابی حملے میں ملزم ہلاک ہوگیا۔ فائرنگ کا واقعہ نارتھ ناظم آباد کے علاقے مجاہد کالونی میں پیش آیا۔ رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ فی الحال حملہ آور کی شناخت نہیں ہوسکی۔
رینجرز ترجمان کا کہنا تھا کہ حملے میں کوئی رینجرز اہل کار زخمی نہیں ہوا۔ لاش کو ضروری کارروائی کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب سلطان آباد کے علاقے میں رینجرز کا کالعدم تنظیم اور دیگر ملزمان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے، علاقے کی مکمل ناکہ بندی کی گئی ہے، جب کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی آپریشن کی فضائی نگرانی جارہی ہے۔ اب تک متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن کے قبضے سے پستول اور چھوٹے ساخت کے بم بھی برآمد ہوئے ہیں۔ سماء