کرپٹ مافیا،گرمی کا راج،اور دھرنے کا اعلان

بلوچستان میں بجلی کی طلب 1700 میگا واٹ جب کہ سپلائی 1000 ہے،قائمہ کمیٹی کا اعتراف
سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کم ترقیاتی علاقے نے انکشاف کیا ہے کہ صوبائی حکومت نے واجبات کی مد میں کیسکو کو 12 بلین ادا کرنے ہیں جو اس نے تاحال ادا نہیں کئے،بلوچستان میں زراعت وہاں کی عوام کے لئے اہم ہے مگر 80 فیصد سے زیادہ ٹیوب ویلز کو روزانہ چار گھنٹے سے زیادہ بجلی نہیں دی جاتی جس کی وجہ سے وہاں پانی کی قلت ہے۔
روزنامہ آزادی کوئٹہ
بلوچستان ہائی کورٹ نے نے کوئٹہ کی 8 صوبائی نشستوں کی حلقہ بندیاں کالعدم قرار دے دیں۔
ہائی کورٹ کے جسسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس عبداللہ بلوچ پر مشتمل بینچ نے فیصلہ سنایا،الیکشن کمیشن کو الیکشن ایکٹ اور رولز 2017 کے مطابق حلقہ بندیاں کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
روزنامہ جنگ کوئٹہ
ہمارا مقابلہ کرپٹ مافیا سے ہے،سردار یار محمد رند
پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے پاکستان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے اور رہی سہی کسر ن لیگ نے پوری کر دی ہے،ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے ہمیشہ بلوچستان کے عوام کے حقوق کی بات کی ہے،ہم حکومت میں آکر صوبے کی عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔
روزنامہ جنگ کوئٹہ
پولیس شہداء کے لواحقین کا آئی جی آفس کے سامنے دھرنے کا اعلان
شہداء کے لواحقین کا کہنا تھا کہ شہداء کے لواحقین سے بھرتی کے لیے 28 مئی کو درخواستیں طلب کی گئیں،جس پر ہم نے درخواستیں جمع کرا دی مگر اب ہم سے کہا جارہا ہے کہ بھرتیاں نہیں ہوں گی یہ شہداء کے لواحقین کے ساتھ مذاق ہے اور بلوچستان پولیس کی پالیسی کے خلاف ہے،لواحقین کا کہنا تھا کہ وہ اپنے مطالبات کے لیے 4 جون کو آئی جی آفس کے سامنے دھرنا دیں گے۔
روزنامہ ایکسپریس کوئٹہ
بلوچستان میں شدید گرمی کا راج برقرار
سبی،تربت،لسبیلہ،پسنی اور دیگر شہروں میں گرمی روزہ داروں کا امتحان لیتی رہی،ان شہروں میں گرمی 48 سے لے کر 45 ڈگری تک ریکارڈ کی گئی،بلوچستان کے مختلف شہروں سے گرمی کی وجہ سے شہریوں کے بے ہوش ہونے کی اطلاعات بھی آتی رہیں جب کہ رہی سہی کسر بجلی کی لوڈشیڈنگ نے پوری کر دی جس سے شہری گرمی سے بے حال ہوتے رہے۔
روزنامہ انتخاب حب