عمران خان کا پیچھے ہٹنا سمجھ نہیں آتا، طالبان کمیٹی میں اپنا نمائندہ شامل کریں، وزیراعظم
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف نے عمران خان کے طالبان کے ساتھ مذاکرات سے پیچھے ہٹنے کو سمجھ سے بالاتر قرار دیتے ہوئے خواہش ظاہر کی ہے کہ مذاکرات کامیاب ہونے چاہیئں، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ طالبان کو مذاکراتی کمیٹی میں اپنا نمائندہ بھی شامل کرنا چاہئے۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی ڈویژن کے اراکین قومی اسمبلی سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکراتی عمل کامیاب ہو۔
انہوں نے کہا کہ طالبان کو مذاکراتی کمیٹی میں اپنا نمائندہ بھی شامل کرنا چاہئے، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو مذاکراتی عمل سے پیچھے ہٹنا نہیں چاہئے تھا، سمجھ نہیں آتی عمران خان پیچھے کیوں ہٹ گئے۔
وہ کہتے ہیں کہ مذاکرات ہورہے ہیں، ہوں گے اور ہونے بھی چاہیئں تاکہ ملک میں امن قائم ہو سرمایہ کاری ہو اور عوام خوشحال ہوں۔
وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ انہوں نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے ایسے میں اگر ہم امن و امان بہتر بنانے میں کامیاب ہوگئے تو ملک ترقی کی شاہراہ پر آگے بڑھتا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے حکومت نے مختصر اور طویل المدتی منصوبے شروع کردیئے ہیں، ہم نے شفاف اور میرٹ پر مبنی گڈ گورننس کا نظام متعارف کرایا ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے مندرہ چکوال اور سوہاوہ چکوال سڑکوں کی ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کی ہدایت کی، اس موقع پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی بھی موجود تھے۔ سماء